بی جے پی ٹاملناڈو میں کرپشن سے پاک حکومت فراہم کرے گی: امیت شاہ

آئندہ سال منعقد ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے لیے بگل بجاکر اور الیکشن کے مسئلہ پر زور دیتے ہوئے بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ نے یہاں کہا کہ ان کی پارٹی ایک اتحاد تشکیل دے گی اور ٹاملناڈو کرپشن سے پاک حکومت کا تیقن کرے گی۔ یہاں سے تقریباً 30 کیلو میٹر دور کل رات وی جی پی گولڈ بیچ ریسالٹ پر ٹاملناڈو اور پڈوچیری کے پارلیمانی حلقوں کے پولنگ بوتھ انچارج افراد کو مخاطب کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات سے قبل ستمبر اور اکتوبر میں بی جے پی انتخابی اتحاد کو قطعیت دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد کو قطعیت دینے سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی ، ٹاملناڈو میں ماہِ اکتوبر کے دوران ایک پرہجوم ریالی کو مخاطب کریںگے ، جس میں دیڑھ لاکھ بوتھ ورکرس شرکت کریںگے۔ ختم ِ ستمبر تک ریاست میں 66 ہزار پولنگ بوتھس کے لیے نمائندوں کا تقرر کرنے ٹاملناڈو بی جے پی یونٹ پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سال 2019ء کے آغاز سے پہلے ہی وہ مناسب وقت پر انتخابی اتحاد کے بارے اعلان کریںگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اتحاد میں جو کوئی بھی شریک ہوں ہم اس کا تیقن کریںگے کہ ٹاملناڈو میں کرپشن سے پاک حکومت قائم کی جائے اور امن و ضبط برقرار رکھا جائے اور ترقی پر توجہ مبذول کی جائے۔ یہ بتاتے ہوئے کہ ٹاملناڈو میں این ڈی اے کے ساتھ پہلے سے اتحاد میں شریک پارٹیوں کا احترام کیا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ نئے دوستوں کو بھی شامل کیا جائے گا ، جس سے مودی کی زیرقیادت مرکز میں بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے جیسی شفاف حکمرانی فراہم کرنے والی حکومت کا تیقن کیا جاسکے گا۔ انتخابی حکمت ِ عملی تیار کرنے قبل ازیں شاہ نے سینئر پارٹی لیڈروں سے تفصیلی بات چیت کرنے کے بعد کہا کہ مرکزی حکومت نے گذشتہ چار سالوں میں ٹاملناڈو کے مختلف پراجکٹوں کے لیے تقریباً پانچ لاکھ دس ہزار کروڑ روپئے فنڈس مختص کیا ہے۔ حکمراں آل انڈیا انا ڈی ایم کے کاراست حوالہ دیے بغیر شاہ نے اپوزیشن ڈی ایم کے پر الزام عائد کیا کہ تیرہویں فینانس کمیشن کے تحت ریاست کو ملنے والے فنڈس کے لیے اس نے کچھ نہیں کیا ، حالانکہ وہ مرکز میں کانگریس زیرقیادت یوپی اے حکومت کا حصہ رہی ہے ، ریاست میں بی جے پی کے خلاف جھوٹی مہم کی مخالفت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہی واحد پارٹی ہے جو ٹامل ثقافت اور زبان کا تحفظ کرسکتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مودی حکومت ہی نے پہلی بار ٹامل زبان میں ریلوے ٹکٹوں کو متعارف کرایا۔ امیت شاہ نے کہا کہ وہ عہد کرتے ہیں کہ ٹاملناڈو میں بی جے پی اقتدار پر آنے کے بعد ٹامل عوام کا فخر ریاستوں کی سرحدوں کو پار کرے گا اور سارے ہندوستان میں اسے رسائی حاصل ہوگی۔

جواب چھوڑیں