معیارکی جانچ کیلئے محکمہ اوزان وپیمائش کے استحکام پرتوجہ :کمشنراکن سبھروال

کمشنرمحکمہ کنٹرولر ولیگل میٹرولوجی اکن سبھروال نے کہا کہ ریاست کے تمام اضلاع میںکوالیٹی جانچ کیلئے 5.75 کروڑ کی لاگت سے لیباریٹریز قائم کئے جائیں گے۔ پہلے مرحلہ میں سابقہ10 اضلاع میں 50 لاکھ روپے کی لاگت سے لیبارٹیریز کا قیام عمل میں لایاجائے گا۔ حیدرآباد میں محکمہ لیگل میٹرولوجی کے صدر دفتر میں 75لاکھ روپے کی لاگت سے ایک ریسرچ سنٹر قائم کیا جائے گا۔ جہاں اشیاء کے معیار کی جانچ کی جائے گی۔ کمشنر اکن سبھروال آج ورنگل میں محکمہ اوزان پیمائش کے عہدیداروں کی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ عام آدمی کی توقعات کوپورا کرنے کے لئے محکمہ لیگل میٹرولوجی کو مستحکم بنانا ضروری ہے ۔ اس ضمن میں تمام 31 اضلاع کے لئے گاڑیاں خریدی جائیں گی اورہرایک گاڑی پر محکمہ لیگل میٹرولوجی کا اسٹیکرچسپاں ہوگا۔ ریاستی حکومت نے اضلاع عادل آباد ‘ ورنگل ‘ کریم نگر ‘رنگاریڈی ‘کھمم‘محبوب نگر ‘ نلگنڈہ میں لیباریٹریز کے قیام کے لئے اراضی الاٹ کردی ہے ۔ نظام آباد اور میدک کے لئے بہت جلد اراضی الاٹ کی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ عوام اپنی شکایتیں واٹس ایپ نمبر 7330774444پر درج کرواسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کنزیومرہیلپ لائن سروس کے نمبر 180042500333پر بھی صارفین اپنی شکایتیں درج کرواسکتے ہیں۔ اکن سبھروال نے کہاکہ حال ہی میں محکمہ کے عہدیداروںکواطلاع ملنے پر حیدرآباد میں مختلف ملٹی نیشنل کمپنیوںکے گوداموں پر دھاوے کرتے ہوئے 22کروڑ کی اشیاء کو ضبط کیااوران کے خلاف 1092 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ صارفین کی جانب سے راشن شاپس اور پٹرول پمپس میں ناپ تول میںبے قاعدگیوں کی شکایتیں وصول ہورہی ہیں۔ عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ ان شکایتوں پر خصوصی توجہ مرکوز کریں۔

جواب چھوڑیں