ایشین جونیر ریسلنگ چمپئن شپ کا 17 جولائی سے آغاز

ایشین جونیر ریسلنگ چمپئن شپ میں شرکت کیلئے وزارت داخلہ نے پاکستانی ٹیم کو ہندوستان آنے کی اجازت دے دی۔ ایشین جونیر ریسلنگ چمپئن شپ دہلی میں 17 سے 22 جولائی تک کھیلی جائے گی۔ پاکستان، عراق اور افغانستان کے ریسلرز کو ویزہ جاری نہ کرنے پر یونائیٹد ورلڈ ریسلنگ کی جانب سے ایونٹ منسوخ یا ہندوستانی رکنیت معطل کیے جانے کا خدشہ تھا جس پر انڈین ریسلنگ فیڈریشن نے وزارت داخلہ کے حکام سے پاکستانی ریسلرز کو ویزے جاری کرنے کی درخواست کی تھی جسے قبول کرلیا گیا۔ انڈین فیڈریشن کے اسسٹنٹ سکریٹری ونود تومار نے کہاکہ وزارت داخلہ نے پاکستانی ٹیم کو ہندوستان میں مقابلوں کیلئے آنے کی مشروط اجازت دیدی ہے۔ انڈین فیڈریشن کی جانب سے کرائم برانچ کو اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ پاکستانی ریسلرز ہوٹل اور اسٹیڈیم کے علاوہ کہیں نہیں جائیں گے۔ پاکستانی ریسلرز کو این او سی جاری ہونا خوش آئند ہے، ایشین کیڈٹ چمپئن شپ 2015 میں ویزے مسائل کی وجہ سے ایونٹ بدمزگی کا شکار ہوا تھا۔ فیڈریشن نے کہاکہ ہم کھیل کے فروغ کیلئے ایونٹس کے بہترین ماحول میں انعقاد پر یقین رکھتے ہیں۔ غیرملکی ریسلرز کی شرکت سے میزبان پلیئرز کو بھی سیکھنے اور کھیل میں بہتری لانے کا موقع ملتاہے۔ مقابلوں کی رونقیں جتنی زیادہ ہوں گی، اتنا ہی زیادہ ہمارے ریسلرز سیکھ سکیں گے۔ فیڈریشن نے کہا کہ افغانستان اور عراق کی جانب سے ایونٹ میں شرکت کیلئے کسی ریسلر کی انٹری نہیں کروائی گئی۔

جواب چھوڑیں