بقایا جات کی وصولی کیلئے بچوں کا استعمال ناقابل برداشت:کجریوال

چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال اور ڈپٹی چیف منسٹر منیش سسوڈیا نے آج اس اسکول کا دورہ کیاجہاں فیس کی عدم ادائیگی پر کے جی جماعت کے 16 بچوں کو مبینہ طور پر تہہ خانے میں روک رکھاگیاتھا۔ کجریوال نے کہا کہ انہوں نے رابعہ پبلک اسکول کے پرنسپل ناہیدعثمانی کے ساتھ گفتگو کی ہے اور انہیں انتباہ دیا ہے کہ بچوں کے ساتھ اس قسم کا رویہ برداشت نہیں کیاجائے گا ۔ حکومت دہلی اور پولیس کاروائی کرے گی۔ انہوں نے بتایاکہ اس معاملہ کی جانچ کروائی جائے گی۔ کجریوال اور سسوڈیا نے وہاں بچوں اور اساتذہ کے ساتھ بات چیت کی۔ اس موقع پروزیرماحولیات عمران حسین بھی موجود تھے جو بلیماران حلقہ کے رکن اسمبلی ہیں اور یہ اسکول اسی حلقہ میں واقع ہے۔ کجریوال نے فیس کی عدم ادائیگی پر کے جی جماعت کے طلبہ کو تہہ خانے میں روک رکھنے کے معاملہ میں کل محکمہ تعلیم سے رپورٹ طلب کی تھی۔ آئی اے این ایس کے بموجب چیف منسٹر نے کہا کہ خاطی پائے جانے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ شبین حسن کی شکایت پر انتظامیہ کے خلاف کیس درج کیاگیاتھا۔ حسن نے کہاتھا کہ انہوں نے پیر کے روز صبح 7:30بجے اپنی دو لڑکیوں کو اسکول پہنچایاتھا اور جب وہ انہیں واپس لینے پہنچے تو وہ کلاس میں نہیں تھیں۔ انہوں نے ایف آئی آر میں کہا کہ جب میں نے عملہ سے اس بارے میں دریافت کیا تو مجھے پتہ چلا کہ چند چھوٹے بچوں کو اسکول کے تہہ خانے میں کئی گھنٹے سے زبردستی روک رکھاگیا ہے اور انہیں کھانے پینے کے لئے بھی کچھ نہیں دیاگیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ پولیس کو اطلاع دینے کے بعد ہی بچوں کو چھوڑاگیاتھا۔ حسن نے آئی اے این ایس کو بتایاکہ متاثرہ والدین نے قبل ازیں انتظامیہ سے وعدہ کیاتھا کہ وہ چند دن کے اندربقایاجات ادا کردیں گے۔ علٰحدہ اطلاع کے بموجب چیف منسٹر دہلی اروندکجریوال نے آج کہا کہ عہدیدار عنقریب قومی دارالحکومت میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے سلسلہ میں تمام ریزیڈنٹ ویلفیر اور مارکٹ اسوسی ایشنس کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے تاکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے طریقہ کار کو قطعیت دی جاسکے۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ دہلی میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب 2015ء میں عام آدمی پارٹی کے انتخابی وعدوں کا ایک اہم حصہ ہے جس کا مقصد عوام کی حفاظت وسلامتی کو بہتربنانا ہے۔

جواب چھوڑیں