حج کیمپ کا 30جولائی سے آغاز

ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے کہا کہ عازمین حج کیلئے حج کیمپ2018 کا نقائص سے پاک انعقاد عمل میں لایا جائیگا ۔ آج دفتر حج ہاوز میں حج کیمپ2018 کے انتظامات کیلئے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ مشاورتی اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے بہترین انتظامات کئے جارہے ہیں۔ اسی سال ان انتظامات میں مزید بہتری لائی جائے گی ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کی جانب سے حج کمیٹی کیلئے4کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔جو گذشتہ سال مختص کردہ3کروڑ روپے سے ایک کروڑ روپے زیادہ ہے۔ ان رقومات کا بہتر استعمال کرتے ہوئے عازمین کو بہترین ومثالی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ انہوںنے مزید کہا کہ حکومت کا احساس ہے کہ عازمین اللہ کے مہمان ہیں اور ان کی خدمت کرنا ایک اعزاز ہے ۔ اس نظریہ کے تحت حکومت کی جانب سے تمام محکمہ جات کو بہترین خدمات فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ محکمہ ٹرانسکو کی جانب سے مسلسل24 گھنٹہ برقی سربراہی کے لئے انتظامات کرنے ، محکمہ آرٹی سی کو عازمین کو حج ہاوز تا ائیر پورٹ روانگی کیلئے بہتر سے بہتر سہولتوں ( بسوں) کی فراہمی، جی ایچ ایم سی کو حج ہاوز کے اطراف واکناف صفائی کا خاص خیال رکھنے ، محکمہ واٹر ورکس کو حج کیمپ کے دوران چوبیس گھنٹہ پانی کی سربراہی، محکمہ کسٹمس کو حج ہاوز میں کسٹمس کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی۔ محمد محمود علی نے کہا کہ حج ہاوز کے اطراف واکناف حفاظتی اقدامات کے تحت پولیس کی بھاری جمعیت کو تعینات کیا جائے گا ۔ انہوںنے کہا کہ ہماری کوشش یہ رہے گی کہ اس بار بھی ریاست (حیدرآباد امبارکیشن پائنٹ) کو ملک بھر کے بہترین امبارکیشن پائنٹ کا مقام برقرار رکھا جائے ۔ انہوںنے مزید کہا کہ اس بار حیدرآباد امبارکیشن پائنٹ سے سفر مقدس پر جانے والے عازمین ، سعودی ائیر لائنس سے جدہ کیلئے روانہ ہوں گے ۔ سعودی ائیر لائنس کے حکام نے عازمین سے خواہش کی ہے کہ وہ اپنا سامان معیاری بیاگس میں محفوظ رکھیں۔ اپنے ساتھ صرف ایک ہینڈ کیاری بیاگ رکھیں۔ بیاٹری والی اشیاء کو اپنے ساتھ قطعی نہ رکھیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ30جولائی سے حج کیمپ 2018 کا آغاز ہوگا ۔ سعودی عرب کے لئے پہلی فلائٹ یکم اگست کو صبح7:45 بجے روانہ ہوگی اور16 اگست تک فلائٹس کی روانگی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس اجلاس میں صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خان ، اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور، حکومت کے صلاح کار برائے اقلیتی امور اے کے خان، ڈائرکٹر محکمہ اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم ، آئی پی ایس، صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ ورکن کونسل محمد سلیم، رکن کونسل فاروق حسین اور مختلف محکموں کے عہدیدار موجود تھے۔

جواب چھوڑیں