کروشیا پہلی مرتبہ فٹبال ورلڈکپ کے فائنل میں داخل

فیفا ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں کروشیا نے ایونٹ کی پسندیدہ انگلینڈ کی ٹیم کو شکست دیکر پہلی مرتبہ عالمی کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ ماسکو میں کھیلے گئے میچ میں کے آغاز میں ہی انگلینڈ نے برتری حاصل کرکے کروشیا کی ٹیم کو دباؤ میں لے لیا۔ میچ کے چوتھے منٹ میں ڈیلی ایلی کو گرانے پر انگلینڈ کو فری کک ملی جس پر کیرن تریپیئر نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ اس گول کی بدولت تریپیئر سابق کپتان ڈیوڈ بیکہم کے بعد ورلڈکپ میں فری کک پر گول کرنے والے پہلے انگلش کھلاڑی بن گئے جہاں بیکہم نے 1998 اور 2006 ورلڈکپ میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ میچ کے 30 ویں منٹ میں انگلینڈ کو برتری دگنی کا اس وقت نادر موقع ملا جب لنگارڈ نے کپتان ہیری کین کو شاندار پاس دیا لیکن کروشیا کے گول کیپر نے عمدہ دفاع کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو بڑے خسارے میں جانے سے بچالیا۔ میچ کے پہلے ہاف میں کروشیا کی ٹیم نے گیند کا کنٹرول زیادہ تر اپنے پاس رکھا لیکن وہ گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ دوسرے ہاف میں میچ کے 68 ویں منٹ میں کروشیا کے پیریسک نے گیند کو جال میں پہنچاکر مقابلہ برابر کردیا۔ اس کے بعد کروشیا کی ٹیم نے دوسرے ہاف کے اختتام تک انتہائی شاندار اور جارحانہ فٹبال کھیلی جس کا انگلینڈ کے پاس کوئی جواب نہ تھا۔ کروشیا کی ٹیم نے انگلینڈ کے گول پر تابڑ توڑ حملے کیے لیکن بدقسمتی سے ہاف کے اختتام تک وہ برتری حاصل نہ کرسکے۔ میچ مقررہ وقت تک 1-1 سے برابر رہنے کے بعد اضافی 30 منٹ میں میچ کا فیصلہ کرنے کا طئے کیاگیا۔ میچ کے اضافی وقت کے پہلے ہاف میں دونوں ہی ٹیمیں گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکیں لیکن دوسرے ہاف میں 109 ویں منٹ میں ماریو مینڈزیوکک نے شاندار گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ جب ریفری نے میچ کے اختتام کا اعلان کیا تو 2-1 کا اسکور کروشیا کی فتح اور انگلینڈ کی میچ میں حیران کن شکست کا اعلان کر رہا تھا۔ کروشیا کی ٹیم نے ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی بار فائنل کیلئے کوالیفائی کیاہے۔ 1998 میں کروشین ٹیم نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی جہاں انہیں فرانس کے خلاف شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔ شکست کے ساتھ انگلینڈ کا دوسری مرتبہ ورلڈ چمپئن بننے کا خواب چکنا چور ہوگیا جہاں انہوں نے 1966 میں پہلی اور آخری بار عالمی چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیاتھا۔ ایونٹ کا فائنل 15 جولائی کو فرانس اور کروشیا کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ ہفتے کو تیسری پوزیشن کے میچ میں بلجیم اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوںگی۔

جواب چھوڑیں