مشرقی شام میں فضائی حملہ ‘28 عام شہری ہلاک

شام کے مشرقی صوبہ دیرالزور میں اسلامک اسٹیٹ (داعش) کے زیرقبضہ علاقہ پر فضائی حملہ میں کم ازکم 28 عام شہری ہلاک ہوگئے۔ ایک نگراں ایجنسی نے یہ بات بتائی۔ کل رات دیر گئے کئے گئے اس حملہ میں عراقی سرحد کے قریب واقع موضع السوسہ کے قریب ایک آئس فیکٹری میں جمع عام شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ برطانیہ میں قائم سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے یہ بات بتائی۔ فوری طورپر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ یہ حملہ عراقی طیارہ نے کیا یا پھر داعش سے مقابلہ کررہے امریکی زیرقیادت اتحاد کے کسی طیارہ نے کیا۔ عراقی جنگی طیاروں نے حالیہ عرصہ میں مشرقی شام میں فضائی حملے کئے ہیں جبکہ اتحادی طیارے جہادیوں سے برسرپیکار کرد زیرقیادت لڑاکوں کی مدد کرتے رہے ہیں۔ سرکاری خبررساں ایجنسی ثنا نے کل رات دیر گئے حملہ کی اطلاع دی ہے اور کہا ہے کہ زائداز 30 عام شہری ہلاک ہوئے ہیں۔ اس نے امریکی زیرقیادت اتحاد پر حملہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ امریکی اتحاد فوری طورپر تبصرہ کے لئے دستیاب نہیں تھا۔

جواب چھوڑیں