ریاست میں مزید 15برسوں تک ٹی آر ایس‘ اقتدار پر رہے گی۔وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی کا دعویٰ

ٹی آر ایس‘ کسی بھی وقت انتخابات کیلئے تیار ہے اور آئندہ 15برسوں تک تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی ہی حکومت رہے گی۔ آئندہ انتخابات میں اپوزیشن کانگریس اور بی جے پی کو ایک بھی نشست حاصل نہیں ہوگی۔ ریاستی وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے آج یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام مزید 15برسوں تک ٹی آر ایس کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ اور وہ‘ حکمراں جماعت کو ہی ووٹ دینے تیار ہیں۔ کانگریس کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس وہ جماعت ہے جس نے گذشتہ 6دہائیوں تک‘ تلنگانہ کی ترقی کیلئے کچھ نہیں کیا اور کانگریس قائدین‘ ریاست کے آبپاشی پراجکٹوں اور فلاحی اسکیمات پر بے تکی باتیں کر رہے ہیں۔ ضلع سرسلہ کے تنگالہ پلی منڈل کے موضع منڈے پلی میں آئی ٹی آئی عمارت کے افتتاح کے بعد ریاستی وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے وزیر آئی ٹی وٹکسٹائل کے تارک راما رائو کے ساتھ اس عمارت کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر این نرسمہا ریڈی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس اپنا اقتدار برقرار رکھے گی اور کانگریس کو دھول چاٹنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے کئی دعویدار ہیں اور یہ قائدین‘ کرسی (گدی) کیلئے ایک دوسرے کے خلاف تلواریں نکال سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس‘ جان بوجھ کر ترقیاتی کاموں میں رکاوٹیں کھڑی کررہی ہے جبکہ بی جے پی کو جس کے 5ارکان اسمبلی ہیں‘ ایک بھی نشست نہیں ملے گی۔ ریاستی وزیر داخلہ نے کے سی آر کو ملک کا واحد چیف منسٹر قرار دیا جنہیں عوام کی بہبود اور ان کی ترقی کیلئے منفرد اور انوکھی اسکیمات متعارف کرانے کا اعزاز حاصل ہے۔ کے سی آر کی قیادت میں ہی ریاست‘ مختلف شعبوں میں شاندار پیشرفت کر رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ فلاحی اسکیمات اور ترقیاتی پروگرام پر عمل آوری سے متاثر ہوکر عوام‘ ٹی آر ایس کو ہی ایک بار پھر اقتدار پر فائز کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ٹی آر ایس حکومت نے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کو اولین ترجیح دی ہے۔ کے ٹی آر نے اپنی تقریر میں کانگریس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ یہ اپوزیشن جماعت‘ ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ بنارہی ہے۔

جواب چھوڑیں