ممتا حکومت ‘جمہوریت کا گلا گھونٹ رہی ہے۔مغربی بنگال میں سنڈیکیٹ راج: وزیراعظم مودی

وزیراعظم نریندرمودی نے آج مغربی بنگال کی ممتا بنرجی حکومت پر کھل کرتنقید کی۔ انہوں نے اس پر جمہوریت کا گلہ گھونٹنے اور سنڈیکیٹ راج چلانے کا الزام عائد کیا جس کی منظوری کے بغیر کچھ بھی نہیں ہوسکتا۔ یہاں کسان کلیان ریالی سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ مغربی بنگال کو ترنمول کانگریس کی غلط حکمرانی سے چند ماہ میں نجات مل جائے گی۔ انہوں نے آنے والے انتخابات کے بظاہرحوالے سے یہ بات کہی۔ ٹی ایم سی حکومت پرجم کرتنقیدکرتے ہوئے مودی نے کہا کہ مغربی بنگال میں سنڈیکیٹ کی منظوری کے بغیر کچھ بھی حاصل نہیں کیاجاسکتا۔ وندے ماترم اور جناگنا منا کی سرزمین پر سیاسی سنڈیکیٹ کا راج ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سنڈیکیٹ خوشامد اور ووٹ بینک کی سیاست کرتا ہے۔ ٹی ایم سی حکومت چٹ فنڈس چلانے‘ کسانوں سے فوائد چھیننے اور غریبوں پر زیادتی کے لئے سنڈیکیٹ کا سہارا لیتی ہے۔ تشدد کے ذریعہ اقتدار میں رہنے کی سوچنے والوں کو نوشتۂ دیوار پڑھ لیناچاہئیے۔ مودی نے کہا کہ مغربی بنگال کے عوام نے بایاں بازو کے خلاف لڑائی لڑی۔ چند ماہ میں بنگال کے عوام کو ٹی ایم سی کی غلط حکمرانی سے چھٹکارا مل جائے گا۔ لوگ موقع کی تاک میں ہیں۔ ہم سبھی جانتے ہیں کہ موجودہ حکومت میں مغربی بنگال کی کیا حالت ہے۔ ماں ‘ ماٹی ‘منش( ٹی ایم سی کا نعرہ) کی بات کرنے والے پوری طرح بے نقاب ہوچکے ہیں۔ یہ سنڈیکیٹ چلارہے ہیں۔ ریاست میں جمہوریت کا گلا گھوٹاجارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوجا اور مغربی بنگال کا ورثہ خطرہ میں ہے۔ اگر آپ نیاکاروبار شروع کرناچاہتے ہیں تو آپ کو سنڈیکیٹ کو پیسہ دینا پڑے گا۔ بنگال میں سرمایہ کاری کی راہ روکی جارہی ہے۔ لوگ حکومت سے تنگ آچکے ہیں۔ مرکزی فنڈس کے استعمال پر سوال اٹھاتے ہوئے مودی نے کہا کہ ٹی ایم سی کے سنڈیکیٹ کی منظوری کے بغیر ایک پیسہ بھی خرچ نہیں ہوسکتا۔ ٹی ایم سی جمہوریت یا انتخابی عمل پریقین نہیں رکھتی۔ اسے عدلیہ پر بھی بھروسہ نہیں۔ مودی نے اپنی حکومت کو کسانوں کی حکومت قراردیا۔ ریالی کے مقام کے اطراف چیف منسٹر ممتابنرجی کی تصویر والے ٹی ایم سی پوسٹرس کے حوالہ سے مودی نے کہا کہ ٹی ایم سی بھی ہماری کامیابیوں کی تردید نہیں کرسکتی۔ اس نے دیدی کے ہاتھ جوڑے پوسٹرس لگائے ہیں جس میں وہ وزیراعظم کا خیرمقدم کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے کسانوں کے لئے کچھ بھی نہیں کیا۔

جواب چھوڑیں