مودی کی مدناپور ریالی میں خیمہ گرپڑا، 67 زخمی

مغربی بنگال کے ضلع مدنا پور میں آج وزیراعظم نریندرمودی کی کسان کلیان ریالی کے دوران ایک خیمہ گرپڑنے سے کم ازکم 67افراد زخمی ہوگئے۔ ان میں 13 خواتین شامل ہیں۔ موسلادھاربارش کے درمیان مودی ریالی سے خطاب کررہے تھے کہ ٹینٹ گرپڑا۔ افراتفری مچ گئی اور لوگ زخمی ہوگئے۔ وزیراعظم نے مدناپور میڈیکل کالج ہسپتال جاکر زخمیوں کی مزاج پرسی کی۔ گذشتہ 3 دن سے موسلادھار بارش کے باعث ریالی کے مقام پر فولادی ڈھانچہ (اسٹیل اسٹرکچر) کمزورہوگیاتھا۔ مودی کی تقریر سننے لوگ بڑی تعداد میں آئے تھے اور جوش میں وہ اسٹرکچر پر چڑھنے لگے تاکہ مودی انہیں واضح طور پردکھائی دیں۔ وزیراعظم نے لوگوں سے بار بارکہا کہ وہ نیچے اترجائیں ۔ اچانک بعض جوڑ کھل گئے اور ڈھانچہ منہدم ہوگیا۔ لوگ زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں کئی لوگ کرسیوں پر بیٹھے ہوئے تھے۔ افراتفری مچ گئی اور مزید لوگ زخمی ہوئے۔ 3 شدید زخمی ہوئے ہیں۔ آئی این ایس کے بموجب وزیراعظم کی ریالی میں کینوپی کا ایک حصہ گرنے سے کم ازکم 20 افراد زخمی ہوئے۔ بی جے پی کے ایک قائد نے یہ بات بتائی۔ زخمیوں کو وزیراعظم کے قافلہ کی ایمبولنس میں مدناپور میڈیکل کالج ہسپتال لے جایاگیا۔ بعض زخمیوں کو موٹرسیکلوں پر بھی ہسپتال پہنچایاگیا۔ باخبر ذرائع کے بموجب کینوپی کا ڈھانچہ صبح سے موسلا دھار بارش کے باعث کمزور ہوگیاتھا۔ کچھ لوگ اس پر چڑھ گئے تھے۔ ڈھانچہ گرنے پر مودی نے چند منٹ کے لئے تقریر روک دی۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ احتیاط برتیں۔ جولوگ اوپر چڑھے ہیں وہ نیچے اترجائیں۔ وزیراعظم کو اسٹیج پر موجود عہدیداروں کو ہدایت دیتے دیکھاگیا کہ وہ زخمیوں کو جلد اور بہتر علاج یقینی بنائیں۔ تقریر کے اختتام پر انہوں نے حاضرین جلسہ کی تعریف کی اور کہا کہ انہیں یہ واقعہ زندگی بھر یاد رہے گا۔ مودی نے کہا بنگال کے عوام نے بتادیا ہے کہ ہمت کیاہوتی ہے۔ مسلسل بارش کے باوجود وہ لاکھوں کی تعداد میں یہاں اکٹھا ہوئے ۔ اسٹیل اسٹرکچر کا ایک حصہ گرنے کے باوجود لوگوں نے زخمیوں کو ہسپتال پہنچانے ڈسپلن کا مظاہرہ کیا جبکہ ریالی جاری رہی۔ میں گجراتی ہوں لیکن ایسی ہمت اور ڈسپلن کی سوچ بھی نہیں سکتا۔ میں اس ریالی کو زندگی میں کبھی بھی نہیں بھولوں گا۔ ریالی کے بعد مودی نے ہسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی۔ انہوں نے بعض زخمیوں اور ڈاکٹروں سے بات کی اور ہیلی کاپٹر کے ذریعہ دہلی لوٹ گئے۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے ٹوئٹ کیاکہ ہم مدناپور ریالی میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہیں۔ ریاستی حکومت علاج معالجہ میں بھرپور مددکررہی ہے۔

جواب چھوڑیں