ریشب پنت پہلی مرتبہ ٹسٹ اسکواڈ میں شامل۔روہت ڈراپ

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی سلیکشن کمیٹی نے آئندہ ماہ انگلینڈ کے خلاف کھیلی جانے والی 5 ٹسٹ میاچس کی سیریز کے ابتدائی 3 مقابلوں کیلئے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان 5 ٹسٹ میاچس پر مشتمل سیریز کا آغاز یکم اگست سے ہوگا جس کیلئے ونڈے کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے روہت شرما کو ڈراپ کردیا گیاہے۔ روہت شرما ایک عرصہ سے ٹسٹ ٹیم میں متاثرکن کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے جس کی وجہ سے انہیں ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔ تاہم ونڈے کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کے ذریعہ اسپنر کلدیپ یادو ٹسٹ اسکواڈ میں اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ فاسٹ بولر جسپریت بمرا کو فٹنس مسائل کے باوجود اسکواڈ میں شامل کیاگیاہے مگر ان کی شرکت فٹنس سے مشروط ہوگی۔ انگلینڈ کے خلاف تیسرے ونڈے میچ میں کمر کی تکلیف کا شکار ہونے والے فاسٹ بولر بھوونیشور کمار کی فٹنس مسائل کے باعث ٹسٹ سیریز میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔ سلیکشن کمیٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھونیشور کمار نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ونڈے کے دوران کمر کے نچلے حصہ میں درد کی شکایت کی تھی جس کے بعد ڈاکٹرز ان کی انجری کا جائزہ لے رہے ہیں اور جلد ہی ان کی انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز میں دستیابی کے بارے میں معلوم ہوگا۔ ایک اور فاسٹ بولر محمد سمیع کی بھی ٹسٹ اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے جنہیں یویو ٹسٹ میں ناکامی کے سبب گذشتہ ماہ افغانستان کے خلاف کھیلے گئے واحد ٹسٹ سے ڈراپ کردیا گیاتھا۔ نوجوان وکٹ کیپر بلے باز ریشب پنتھ کو بھی پہلی مرتبہ ٹسٹ ٹیم میں جگہ فراہم کی گئی تھی جبکہ ردھیما ساہا کے زخمی ہونے کی وجہ سے دنیش کارتک بھی جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ انگلش وکٹوں کو دیکھتے ہوئے سلکٹرس نے 6 فاسٹ بولرس کو اسکواڈ میں جگہ دی ہے ۔ اسکواڈ اس طرح ہے۔ ویراٹ کوہلی ( کپتان)، اجنکیا راہانے ، شکھر دھون، لوکیش راہول، مرلی وجے، چتیشور پجارا، کرون نائر، دنیش کارتک، ریشبھ پنت، روی چندرن اشون، رویندر جڈیجہ، کلدیپ یادو، ہاردک پانڈیا، ایشانت شرما، محمد سمیع، اومیش یادو، جسپریت بمرا‘ شردل ٹھاکر۔

جواب چھوڑیں