ورلڈکپ 2018 کے دوران ٹوئٹر پر برازیل کا راج

فیفا ورلڈکپ 2018 کا سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی خوب چرچا رہا اور برازیل اور اس کے اسٹار فٹبالرز عالمی کپ کے دوران ٹوئٹر پر سب پر بازی لے گئے۔ ورلڈکپ اپنے تمام تر دلچسپ مقابلوں اور شاندار لمحات کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا جہاں فرانس نے کروشیا کو شکست دیکر دوسری مرتبہ عالمی چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ عالمی کپ کا سوشل میڈیا پر بھی بہت چرچا رہا خصوصاً ٹوئٹر پر لوگوں نے ورلڈکپ میں ہونے والے اپ سیٹ، یادگار لمحات اور تنازعات پر اپنی آرا کا اظہار کیا۔ ٹوئٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق عالمی کپ کے تعلق سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر 115 ارب ٹوئٹ کی گئیں جس میں سب سے زیادہ ٹوئٹ اتوار کو ہونے والے فائنل کے دن کی گئیں۔ ٹوئٹر نے اپنے بیان میں کہاکہ ہمیں لائیو میاچس کے دوران سب سے زیادہ ٹوئٹ اور لوگوں کے درمیان گفتگو دیکھنے کو ملی جبکہ سب سے زیادہ ٹوئٹ فرانس اور کروشیا کے درمیان ہونے والے فائنل میچ کے دوران کی گئیں۔ برازیل اور بلجیم کی ٹیموں کے درمیان ہونے والے کوارٹر فائنل میچ میں بھی بے انتہا ٹوئٹ کی گئیں اور یہ میچ فہرست میں دوسرے نمبر پر رہا جبکہ اس فہرست میں تیسرا میچ برازیل اور میکسکو کے درمیان کھیلا گیا پری کوارٹر فائنل میچ رہا جس میں برازیل نے 2-0 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ بلجیم کے خلاف کوارٹر فائنل میں شکست کے سبب برازیل کی ٹیم ٹرافی تو نہ جیت سکی لیکن یہ ٹیم ٹوئٹر پر سب سے زیادہ مباحثوں کا حصہ رہی۔ ٹوئٹر پر جن ٹیموں کا سب سے زیادہ حوالہ دیاگیا ان میں برازیلین ٹیم سرفہرست رہی جبکہ دوسرے نمبر پر فرانس، تیسرے پر ارجنٹائن، چوتھے پر انگلینڈ اور پانچویں پر پرتگال کی ٹیم رہی۔ ورلڈکپ میں جس کھلاڑی کا سب سے زیادہ تذکرہ کیاگیا وہ بھی برازیل کے ہی نیمار جونیر ہیں جنہیں ان کے انجری کے بعد ڈراموں کی وجہ سے خاصی تنقید کا نشانہ بنایاگیا۔

جواب چھوڑیں