اگست میں ایل بی نگر تک میٹرو ریل خدمات کا آغاز متوقع

حیدرآباد میٹرو ریل کی خدمات ایل بی نگر تک توسیع کی جائے گی ۔ یہ خدمات، اگست کے آخری ہفتہ تک توسیع کی جائے گی جبکہ اکتوبر میں ہائی ٹیک سٹی تک میٹرو ریل خدمات کا آغاز ہوجائے گا ، منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو ریل ( ایچ ایم آر) این وی ایس ریڈی نے یہاں مادھا پور کے سائبر کنونشن سنٹر میں منعقدہ6 ویں فسیلیٹیز مینجمنٹ کونسل ( ایف ایم سی ) سمٹ2018 سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ یہ سمٹ کل شام منعقد ہوئی تھی ۔ این وی ایس ریڈی نے کہا کہ اگست کے اواخر یا ستمبر کے پہلے ہفتے تک میاں پور۔ ایل بی نگر میٹرو ریل شروع ہوجائے گی ۔اسی طرح رواں سال اکتوبر یا نومبر میں ہائی ٹیک سٹی راہداری پر بھی میٹرو ریل خدمات کا آغاز ہوجائے گا ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے 230 دن قبل شہر میں میٹرو ریل خدمات کا افتتاح کیا تھا تب سے روزانہ85ہزار افراد، ناگول، میاں پور تک میٹرو ریل سے سفر کررہے ہیں۔ چیف مارکیٹنگ آفیسر میٹرو ریل رشی کمار نے کہا کہ میٹرو ریل، ایف ایم سی کے ساتھ کام کرتے ہوئے بہت جلد بڑے میٹرو اسٹیشنوں پر ہینڈلوم میٹلس کا اہتمام کرے گی۔ ہم دو مالس کھول چکے ہیں جبکہ مزید دو مالس، ایرم منزل اور موسیٰ رام باغ میں قائم کئے جائیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ دفاتر میں ہینڈلومس کو فروغ دینے کے ساتھ پلاسٹک کے استعمال کو ختم کرنے کیلئے اقدامات کئے ہیں۔

جواب چھوڑیں