قزاقستان کے اولمپک میڈلسٹ کھلاڑی کا چاقو مار کر قتل

قزاقستان کے اولمپک کھلاڑی ڈینس ٹین کا جمعرات کے روز چاقو مارکر قتل کردیا گیا ۔ الماٹی پولیس نے بتایاکہ دو شخص ٹین کی کار سے شیشے چرانے کی کوشش کررہے تھے اسی درمیان انہیں چاقو مار دیاگیا۔ پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے۔ ٹین نے 2014 سوچی ونٹر اولمپکس میں فیگر اسکیٹنگ میں برانز میڈل جیتا تھا۔ وہ قزاقستان کی جانب سے اولمپک میڈل جیتنے والے پہلے اسکیٹر تھے۔ انٹرنیشنل اسکیٹنگ یونین نے ٹین کے قتل پر اظہار افسوس کیاہے۔ ٹین کا خاندان بنیادی طورپر جنوبی کوریا کا رہنے والا تھا۔ اس سال پیونگ چانگ اولمپکس میں جب وہ مقابلہ کیلئے اترے تھے تو انہیں لوگوں سے کافی پیار ملا تھا۔ یہاں پر وہ 27 ویں نمبر پر رہے تھے۔ قزاقستان کے وزیر کھیل ایرستامبیک نے ٹین کی موت کو ملک کیلئے کبھی نہ بھرنے والا نقصان بتایا۔ انہوں نے کہاکہ یہ خوفناک اور صحیح نہیں ہے ۔ یہ ان کے والدین کیلئے گہرا دکھ ہے اور جو بھی ڈینس کو جانتے ہیں ان کی آنکھوں سے آنسو بہہ رہے ہیں۔ وہ سبھی ان سے کافی پیار اور ان کی عزت کرتے تھے۔وزیر کھیل نے کہاکہ ٹین کا قتل ہمارے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہمیں پورا یقین ہے کہ پولیس ان کے قاتلوں کو جلد پکڑنے میں کامیاب رہے گی۔انہوں نے ٹین کے افراد خاندان سے اظہار تعزیت بھی کیا۔

جواب چھوڑیں