ہندوستان کو ٹسٹ سیریز میں شکست دینے پرعزم ہیں:بیرسٹو

انگلینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز جانی بیرسٹو نے کہاکہ ہندوستان کے خلاف ونڈے سیریز میں 2-1 سے کامیابی سے ان کی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں اور وہ ٹسٹ سیریز میں بہتر مظاہرہ کیلئے پرعزم ہیں۔ بیرسٹو نے کہاکہ 5 میاچس کی ٹسٹ سیریز میں ان کی ٹیم کو پسندیدہ موقف حاصل رہے گا اور وہ اس میں بہتر مظاہرہ کیلئے تیار ہیں۔ ہندوستان کو 3 میاچس کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 2-1 سے جیت حاصل ہوئی تھی تاہم اس کے بعد کوہلی اینڈ کمپنی کو 3 میاچس کی ونڈے سیریز میں 2-1 سے شکست اٹھانی پڑی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 5 میاچس کی سیریز کا پہلا ٹسٹ چہارشنبہ یکم اگست سے کھیلا جائے گا۔ 28 سالہ بیرسٹو نے کہاکہ ٹسٹ اسکواڈ میں بعض سینئر کھلاڑیوں کی واپسی سے بھی ہماری طاقت میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست اور ونڈے سیریز کا پہلا مقابلہ ہارنے کے بعد مسلسل 2 ونڈے جیت کر شاندار واپسی کی۔ بیرسٹو کا ماننا ہے کہ اس شاندار کامیابی سے ہمارے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں اور ہم ٹسٹ سیریز میں بھی ہندوستان کو شکست دینے کے اہل ہیں۔ انہوں مزید کہاکہ ہندوستان ٹسٹ کرکٹ کی عالمی نمبر ایک ٹیم ہے اور اس کے خلاف کھیلنا کبھی بھی آسان نہیں رہتا تاہم ہوم گرائونڈ اور تجربہ کار کھلاڑیوں کی واپسی ہمارے لئے بہتر ثابت ہوگی۔ وکٹ کیپر بلے باز نے کہاکہ جیمس اینڈرسن اور اسٹوارٹ براڈ دنیا کے چند بہترین بولرس ہیں جن کی موجودگی میں ہم کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

جواب چھوڑیں