انٹر میڈیٹ میں آن لائن داخلے دینے حکومت کا منصوبہ

 آئندہ تعلیمی سال سے ریاست کے سرکاری اور خانگی جونیر کالجوں میں داخلے آن لائن شروع کئے جانے کا امکان ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ سرکاری اور خانگی کالجوں میں انٹر میڈیٹ داخلے آن لائن دینے کا امکان ہے ۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن تلنگانہ نے تعلیمی سال2019-20 میں ویب کونسلنگ کے ذریعہ انٹر میڈیٹ میں داخلے دینے کیلئے بڑے پیمانے پر انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ڈگری آن لائن سرویس تلنگانہ (Dost) کے طرز پر انٹر میڈیٹ میں بھی آن لائن داخلے دینے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے ۔ حکومت نے ریاست کے سرکاری اور خانگی کالجوں میں مختلف کورسوں میں آن لائن داخلوں کیلئے امیدواروں کے ناموں کے اندراج کا فیصلہ کیا ہے ۔ دور دراز مواضعات کے طلبہ کے مفادکے خاطر حکومت نے رواں تعلیمی سال سے سرکاری جونیر کالجوں میں آن لائن داخلوں کے نظام کو متعارف کرایا ہے۔ بورڈ نے رواں سال سے ہی آن لائن داخلوں کو شروع کرنے کا پروگرام بنالیا تھا مگر چند خانگی کالجوں کو مسلمہ حیثیت دینے کے عمل میں تاخیر کے سبب اس منصوبہ کو روبعمل نہیں لایا جاسکا ہے۔ اس لئے بورڈ نے انٹر میڈیٹ میں آن لائن داخلوں کے عمل کو آئندہ سال تک ملتوی کردیا ہے ۔ ریاست تلنگانہ میں جاریہ سال 1350 خانگی جونیر کالجوں کومسلمہ موقف دیا گیا ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے گذشتہ اسمبلی سیشن کے دوران ایوان میں کہا تھا کہ حکومت، انٹر میڈیٹ میں داخلوں کیلئے سنٹرل ایڈمیشن پراسس شروع کرنے پر غور کررہی ہے۔ جونیر کالجوں میں بدعنوانیوں کو روکنے کیلئے حکومت نے آن لائن داخلے نظام شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ داخلوں کیلئے مرکز یت نظام نہ ہونے کے سبب کئی خانگی کالجوں میں ، ایس ایس سی کے نتائج جاری کئے جانے سے قبل، انٹر میڈیٹ میں طلبہ کو داخلے دئیے جارہے ۔ آن لائن ایڈمیشن نظام نہ صرف دیہی علاقوں کے طلبہ کیلئے فائدہ مند رہے گا بلکہ کارپوریٹ کالجوں میں داخلوں کے عمل کو باقاعدہ بھی بنانے میں مددملے گی ۔ دیہی علاقوں کے طلبہ بہترین کالج کا انتخاب بھی کرپائیں گے۔

جواب چھوڑیں