وقت سے قبل انتخابی منشور جاری کرنے کی ضرورت۔ سی ڈبلیو سی کو اتم کمارریڈی کا مشورہ

صدرپردیش کانگریس تلنگانہ این اتم کمارریڈی نے کہا کہ وہ، کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) سے اس بات کی خواہش کرچکے ہیں کہ انتخابات سے قبل پارٹی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا جانا چاہئے۔ انتہائی آخری وقت میں پارٹی کو امیدواروں کے ناموں کے ساتھ پارٹی کے منشور کو قطعیت دینا پڑتا ہے۔ میں، پارٹی کی قیادت سے کہہ چکا ہوں کہ انتخابات سے بہت پہلے پارٹی کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرنا چاہئے اور پارٹی کے انتخابی منشور کو بھی وقت سے قبل جاری کرنا چاہئے۔ الیکشن شیڈول کے اعلان کے بعد ہم ‘انتخابی منشور کو عوام تک پہنچانے میں ناکام رہے ہیں۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد ملک کے صدر مقام نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے این اتم کمارریڈی نے اتوار کو یہ بات کہی۔ صدر پردیش کانگریس تلنگانہ این اتم کمار ریڈی نے کہا کہ الیکشن کے شیڈول سے قبل پارٹی کے انتخابی منشور کو جاری کرنے سے عوام پارٹی کے منشور کو سمجھیں گے۔ منشور کو سمجھنے کے لئے عوام کے پاس کافی وقت دستیاب رہے گا۔ اس لئے پارٹی کو انتخابات کے شیڈول سے قبل انتخابی منشور جاری کرنے کی انہوں نے تجویز پیش کی ہے۔ انہوں نے سی ڈبلیو سی کراپ بیمہ اسکیم سے کسانوں کو مستفید کرانے کے لئے ایک مبسوط منصوبہ بنانے کا مشورہ دیا ہے تاکہ کسانوں پر مالی بوجھ کو کم کیا جاسکے۔ انہوں نے پارٹی کے اعلیٰ ساز ادارہ سی ڈبلیو سی سے اس بات کی خواہش کی ہے کہ وہ ایسے لیڈروں کے خلاف کارروائی کرے جو پارٹی اجلاس میں طئے پانے والے راز کی باتوں کو افشاء کرتے ہیں۔ اس طرح کی سرگرمیوں سے پارٹی کو نقصان ہوتا ہے۔

جواب چھوڑیں