ٹیم انڈیا کو کلدیپ اور اشون کے ساتھ کھیلنا چاہئے:اظہرالدین

ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان 5 میاچس کی سیریز کا پہلا ٹسٹ یکم اگست سے کھیلا جائے گا۔ کپتان ویراٹ کوہلی کیلئے پہلے ٹسٹ کیلئے قطعی 11 کھلاڑیوں کا انتخاب ایک مسئلہ بناہوا ہے خاص طورپر فاسٹ بولرس بھونیشور کمار اور جسپریت بمراہ کی غیرموجودگی سے کپتان کے مسائل میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ ان دونوں بولرس نے جنوبی افریقہ میں شاندار بولنگ کی تھی۔ تاہم سابق ہندوستانی کپتان محمد اظہر الدین نے تجویز پیش کی ہے کہ ٹیم انڈیا کو نوجوان اسپنر کلدیپ یادو اور اشون کے ہمراہ میدان میں اترنا چاہئے۔ اظہر الدین نے کہاکہ ٹی ٹوئنٹی اور ونڈے سیریز کے دوران انگلش ٹیم کلدیپ یادو کے خلاف بہتر کھیل پیش کرنے میں ناکام رہی ہے اس لئے میں سمجھتا ہوں کہ پہلے ٹسٹ میں کلدیپ یادو کو اشون کے ہمراہ پلینگ الیون میں شامل کیاجانا چاہئے۔ واضح رہے کہ سلکٹرس نے 18 رکنی اسکواڈ میں اشون‘ کلدیپ اور جڈیجہ کی شکل میں 3 اسپنرس کو جگہ دی ہے۔ اظہر الدین نے کہاکہ کلدیپ نے انگلینڈ کے خلاف محدود اوورس کے 5 مقابلوں میں 14 وکٹس حاصل کئے ہیں جس سے پتہ چلتاہے کہ میزبان کھلاڑیوں لو ان کے خلاف کھیلنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ اظہر نے مزید کہاکہ 4 فاسٹ بولرس اور ایک اسپنر کے بجائے میں سمجھتاہوں کہ ٹیم انڈیا کو 3 فاسٹ بولرس اور 2 اسپنرس کے ساتھ میدان میں اترنا چاہئے۔ 1990 کے دورہ انگلینڈ میں 2 سنچریاں اسکور کرنے والے 55 سالہ سابق کپتان نے کہاکہ انگلینڈ کے پاس صرف جیمس اینڈرسن اور اسٹوارٹ براڈ کی شکل میں صرف 2 بہترین فاسٹ بولرس ہیں اس لئے ہندوستان کے پاس یہ بہترین موقع ہے کہ انگلش ٹیم کو اسی کے گھر میں شکست دی جائے۔ اظہر الدین نے کہاکہ ہندوستان کے پاس بھی بہترین فاسٹ بولرس ہیں جو سوئنگ کراسکتے ہیں۔ انہوں نے محمد سمیع اور ایشانت شرما سے توقعات کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ بیاٹنگ کے شعبہ میں کپتان ویراٹ کوہلی کے علاوہ اجنکیا رہانے‘ شکھر دھون اور کے ایل راہول کو اہم رول ادا کرنا ہوگا۔ اسی دوران سابق فاسٹ بولر ظہیر خان نے ہندوستان کے بولنگ اٹیک پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ بولنگ اٹیک کافی مضبوط اور مستحکم ہے اور وہ بھونیشور کمار اور جسپریت بمراہ کی کمی محسو نہیں ہونے دے گا۔ ظہیر خان نے کہاکہ محمد سمیع‘ شردل ٹھاکر اور ایشانت شرما کافی باصلاحیت بولرس ہیں اور انہیں یقین ہے کہ یہ بولرس انگلش بلے بازوں کے خلاف بہترین مظاہرہ کریںگے۔

جواب چھوڑیں