کامیاب لیڈر کیلئے فن خطابت ،بہتر کردار کا حامل ہونا بھی ضروری:جئے پال ریڈی

سابق مرکزی وزیر وسینئر کانگریس قائد ایس جئے پال ریڈی نے کہا کہ سیاسی طور پر قدآور قائد بننے کیلئے صرف اچھا مقرر ہونا ہی کافی نہیں ہوتا۔ فن خطابت کے ساتھ ساتھ تاریخ سے واقفیت ، اصول پسندی اور بہترین کردار کا حامل ہونا بھی ضروری ہوتا ہے ۔ وہ آج رکن اسمبلی عالم پور سمپت کمار کو کل ہند کانگریس کمیٹی کا سکریٹری مقرر کئے جانے کے بعد محبوب نگر میں منعقدہ تہنیتی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ ایس جئے پال ریڈی نے کہا کہ اے سمپت، تحقیق کرنے ، حالات کا جائزہ لینے اور مناسب وقت پر صحیح فیصلہ لینے کے ہنر سے بخوبی واقف ہیں۔ اور وہ صلاحیتوں کے بل بوتے پر ترقی کے زینے طئے کررہے ہیں۔ انہوںنے مزید کہا کہ قومی سیاست میں اپنے آپ کو منوانے کیلئے انگریزی زبان پر مہارت ضروری ہوتی ہے ۔ اس کے علاوہ ترقی کیلئے کیا کرنا چاہئے ، اس پر عمر کے ایک حصہ میں ہی سیکھا جاسکتا ہے ۔ سوشل میڈیا کا احتیاط سے استعمال بھی ترقی میں مفید ثابت ہوسکتا ہے ۔ سوشل میڈیا میں ڈوب جانا مناسب نہیں سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ قومی سیاست میں چھاپ چھوڑ نے کے لئے تلگوکے ساتھ ساتھ انگریزی، ہندی و دیگر زبانوں پر بھی عبور حاصل کرنا چاہئے ۔ معلومات میں اضافہ کے لئے تلگو، انگریزی ، ہندی و دیگر علاقائی زبانوں میں شائع ہونے والے اخبارات کے اداریوں ، حالت حاضرہ پر لکھے جانے والے مضامین کا مطالعہ بھی سود مند ثابت ہوتا ہے۔ انہوںنے اے سمپت کو بہترین سیاسی مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر سینئر کانگریس قائدین وی ہنمنت راؤ اور بھٹی وکرمارکا وپارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

جواب چھوڑیں