کولمبو ٹسٹ پر لنکا کی گرفت۔افریقہ دوسری اننگز 139/5

اوپنرس گناتھیلکا‘ کرونا رتنے اور سابق کپتان انجیلو میتھیوز کی شاندار نصف سنچریوں کے بعد تجربہ کار اسپنر رنگنا ہیراتھ اور اکیلا دھننجیا کی شاندار بولنگ کی مدد سے سری لنکا نے جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے جارہے دوسرے اور آخری ٹسٹ میاچ پر بھی اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے۔ مہمان ٹیم کو میاچ جیتنے کیلئے 490 رنوں کی ضرورت تھی تاہم تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک اس نے صرف 139 رنوں پر اپنے 5 وکٹس کھودیئے تھے۔ اس طرح اسے مزید 351 رنوں کی ضرورت ہے۔ جس وقت آج کا کھیل ختم ہوا نمبر 3 پر بیاٹنگ کرنے والے ڈی بریون 45 اور ٹمبا باووما 14 رن بناکر کھیل رہے تھے۔ افریقہ کی دوسری اننگز کا بھی تباہ کن انداز میں آغاز ہوا اور اس نے 23 کے مجموعی اسکور پر اوپنر مارکرام کو کھودیا تاہم اس کے بعد دوسرے اوپنر ایلگر اور ڈی بریون نے دوسری وکٹ کیلئے 57 رنوں کی شراکت داری کرتے ہوئے ٹیم کو کچھ سہارا دیا تاہم 80 کے اسکور پر ایلگر 37 رن بناکر آئوٹ ہوگئے۔ اس کے بعد افریقہ نے جلدی جلدی وکٹیں گنوادی۔ ہاشم آملہ 6‘ کپتان ڈوپلسیس 7 اور کیشو مہاراج بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ سری لنکا کی جانب سے رنگنا ہیراتھ اور دھننجیا ڈی سلوا نے 2,2 جبکہ دلرووان پریرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں سری لنکا نے اپنے کل کے اسکور سے آگے کھیلتے ہوئے اپنی دوسری اننگز 275/5 پر ڈکلیر کردی۔ سابق کپتان میتھیوز نے 71 رن بنائے جبکہ روشن سلوا 32 اور نیروشن ڈکویلا 7 رن بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ افریقہ کیلئے دوسری اننگز میں کیشو مہاراج نے 3 جبکہ لنگی نیگڈی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ مختصر اسکور۔ سری لنکا پہلی اننگز 338 آل آئوٹ۔ افریقہ پہلی اننگز 124 آل آئوٹ۔ لنکا دوسری اننگز 275/5 ڈکلیر۔ افریقہ دوسری اننگز 139/5۔

جواب چھوڑیں