تمیم اقبال کی سنچری‘ بنگلہ دیش نے پہلا ونڈے جیت لیا

میان آف دی میاچ تمیم اقبال کی ناٹ آئوٹ سنچری کی مدد سے بنگلہ دیش نے 5 میاچس کی سیریز کے پہلے ونڈے میں میزبان ویسٹ انڈیز کو 48 رن سے شکست دیکر سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کرلی۔ ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 280 رنوں کی ضرورت تھی تاہم وہ مقررہ 50 اوورس میں 9 وکٹس پر 231 رن ہی بناسکی۔ ویسٹ انڈیز کیلئے شمرون ہٹمیئر نے سب سے زیادہ 52 رن اسکور کئے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں اوپنر کریس گیل 40‘ ایون لوئیس 17‘ جیسن محمد 10‘ کپتان جیسن ہولڈر 17 اور دھماکو آل رائونڈر آندرے رسل نے 13 رن بنائے جبکہ آخری اوورس میں لیگ اسپنر دیویندر بشو 29 اور فاسٹ بولر الزاری جوزف 29 رن بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے سب سے زیادہ 4‘ مستفیض الرحمن نے 2 جبکہ مہدی حسن اور روبل حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں بنگلہ دیش نے پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے اوپنر تمیم اقبال کے ناٹ آئوٹ 130 رنوں کی مدد سے 279 رن بنائے۔ دوسرے اوپنر انعام الحق بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے تاہم اس کے بعد تمیم اقبال اور شکیب الحسن نے دوسری وکٹ کیلئے 207 رنوں کی شراکت داری کرتے ہوئے ٹیم کو بڑا اسکور کھڑا کرنے میں مدد دی۔ شکیب الحسن 97 جبکہ مشفق الرحیم 30 رن بناکر آئوٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے لیگ اسپنر دیویندر بشو نے 2 جبکہ آندرے رسل اور جیسن ہولڈر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ سیریز کا دوسرا میاچ چہارشنبہ 25 جولائی کو اسی گرائونڈ میں کھیلا جائے گا۔

جواب چھوڑیں