سری لنکا نے ٹسٹ سیریز میں جنوبی افریقہ کا صفایا کردیا

تجربہ کار اسپنر رنگنا ہیراتھ اور سلامی بلے باز دیموتھ کرونا رتنے کے شاندار مظاہرہ کی مدد سے سری لنکا نے جنوبی افریقہ کو دوسرے ٹسٹ میں 199 رنوں کے واضح فرق سے شکست دیکر 2 میاچس کی سیریز میں مہمان ٹیم کا صفایا کردیا۔ جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے دوسری اننگز میں 490 رنوں کی ضرورت تھی تاہم اس کی پوری ٹیم 290 رن بناکر آئوٹ ہوگئی۔ افریقی ٹیم کیلئے نمبر 3 پر کھیلنے والے ڈی بریون نے سب سے زیادہ 101 رن بنائے۔ انہوں نے 232 گیندوں کی اننگز کے دوران 12 چوکے لگائے۔ ڈی بریون کے علاوہ اوپنر ڈین ایلگر 37 اور ٹمبا باووما 63 رن بناکر آئوٹ ہوئے۔ دیگر کوئی بھی کھلاڑی متاثرکن کارکردگی پیش نہیں کرپایا۔ سری لنکا کی جانب سے رنگنا ہیراتھ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 6 جبکہ دلرووا پریرا اور اکیلا دھننجیا ڈی سلوا نے 2,2 وکٹس حاصل کئے۔ پہلی اننگز میں 53 اور دوسری اننگز میں 85 رن بنانے والے میزبان اوپنر کرونا رتنے کو میان آف دی میاچ اور میان آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 5 میاچس کی ونڈے سیریز کا پہلا مقابلہ 29 جولائی کو دمبولا میں کھیلا جائے گا۔ مختصر اسکور۔ سری لنکا پہلی اننگز 338 آل آئوٹ۔ جنوبی افریقہ پہلی اننگز 124 آل آئوٹ۔ سری لنکا دوسری اننگز 275/5 ڈکلیر۔ جنوبی افریقہ دوسری اننگز 290 آل آئوٹ۔

جواب چھوڑیں