مودی پر بہتان تراشی کرنے راہول پر الزام

لوک سبھا میں بی جے پی کے ارکان بشمول پارٹی کے چیف وہپ انوراگ ٹھاکر اور پارٹی کے رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے نے پارلیمنٹ کو گمراہ کرنے اور وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف طنزیہ طور پر لفظ ’’چوکیدار‘‘ کا استعمال کرنے پر کانگریس صدر راہول گاندھی کے خلاف تحریک ِ مراعات شکنی پیش کی ہے۔ پارٹی کے ایک ذریعہ نے آج یہاں بتایا کہ راہول گاندھی نے اپنی تقریر میں وزیر اعظم کے لیے لفظ چوکیدار کا طنزیہ استعمال کیا اور کہا مودی اب بھاگیدار بن گئے ہیں۔ اس طرح انہوں نے مودی پر مختلف اسکامس میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا۔ دوبے سے ربط پیدا کرنے پر انہوں نے بتایا کہ ہم اس پر زور دیںگے اور چاہتے ہیں کہ اسپیکر اس معاملہ کو مراعات کمیٹی سے رجوع کریں تاکہ راہول گاندھی کے خلاف مناسب کارروائی کی جاسکے۔ بی جے پی کے ذرائع کے مطابق ٹھاکر اور دوبے کے علاوہ کرناٹک کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرہلاد جوشی بھی وزیر اعظم مودی اور وزیر دفاع نرملا سیتا رامن کے خلاف لوک سبھا میں جمعہ کے روز ِ تحریک ِ عدمِ اعتماد پر مباحث کے دوران جھوٹے ، بے بنیاد اور رسوا کن الزامات عائد کرنے پر صدر کانگریس کے خلاف تحریک ِ مراعات شکنی پر زور دیںگے ۔ اسپیکر کے نام مکتوب میں کہا گیا کہ راہول گاندھی کے تمام بیانات غیرمصدقہ ، بے بنیاد اور معزز وزیر اعظم کی ساکھ کو خراب کرنے کی دانستہ کوشش ہیں ، جو سنگین مراعات شکنی ہے۔

جواب چھوڑیں