ٹی آر ایس‘ وعدوں کو منوانے میں ناکام۔ٹی ڈی پی کا الزام

تلنگانہ تلگودیشم پارٹی نے آج حکمراں جماعت ٹی آر ایس پر الزام عائد کیا کہ وہ اے پی تنظیم جدید بل میں تلنگانہ سے کئے گئے وعدوں کو منوانے میں ناکام رہی اور تلگودیشم پارٹی نے ریاستی گورنر ای ایس ایل نرسمہن پر زور دیا کہ وہ اس مسئلہ کو مرکز سے رجوع کریں۔ صدر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی ایل رمنا کی زیر قیادت پارٹی وفد نے پیر کو راج بھون میں اے پی اور تلنگانہ کے گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کی اور اس سلسلہ میں ایک یادداشت بھی پیش کی۔ اس یادداشت میں ٹی ڈی پی نے کہا کہ ریاستی حکومت‘ آندھراپردیش کی تقسیم کے وقت تلنگانہ سے کئے گئے وعدوں کو منوانے میں ناکام رہی ہے۔ اس وقت کی یو پی اے حکومت نے تلنگانہ سے کئی وعدے کئے تھے مگر ریاست کی ٹی آر ایس حکومت نے ان وعدوں کو منوانے کیلئے کچھ نہیں کیا ہے۔ ایل رمنا نے گورنر سے خواہش کی ہے کہ وہ اس مسئلہ کو مرکز سے رجوع کریں تاکہ تلنگانہ سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی جاسکے۔ وفد نے بتایا کہ اے پی تنظیم جدید بل میں تلنگانہ کے ساتھ کئی وعدے کئے گئے۔ ریاست میں اسٹیل فیاکٹری اور ٹرائبل یونیورسٹی اور قاضی پیٹ میں کوچ فیاکٹری کے قیام کے وعدے کئے گئے تھے مگر اب تک ان میں سے ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا گیا۔ تلنگانہ کے پسماندہ اضلاع کی ترقی کا وعدہ کیا گیا تھا۔ مرکز کی این ڈی اے حکومت‘ ان وعدوں کو روبہ عمل لانے میں یکسر ناکام رہی ہے۔

جواب چھوڑیں