پاکستان میں انتخابی مہم کااختتام ‘ ملک بھر میں جلسے، جلوس و ریالیاں

انتخابی مہم کا وقت ختم ہونے کے بعد کوئی امیدوار کوئی عوامی سرگرمی یا اجتماع منعقد نہیں کرسکے گا جب کہ ذرائع ابلاغ پر بھی سیاسی جماعتوں کے اشتہارات نشر اور شائع کرنے پر پابندی ہوگی۔پاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے 11 ویں عام انتخابات کے لیے جاری انتخابی مہم آج رات 12 بجے ختم ہوجائے گی اور ایک روز کے وقفہ کے بعد چہارشنبہ کو ملک بھر میں قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے۔انتخابی مہم کے آخری روز ملک بھر میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں اور مختلف حلقوں میں امیدوار اور سیاسی جماعتوں کے قائدین جلسوں اور کارنر میٹنگز سے خطاب کر رہے ہیں۔انتخابی مہم کا وقت ختم ہونے کے بعد کوئی امیدوار کوئی عوامی سرگرمی یا اجتماع منعقد نہیں کرسکے گا جب کہ ذرائع ابلاغ پر بھی سیاسی جماعتوں کے اشتہارات نشر اور شائع کرنے پر پابندی ہوگی۔دریں اثنا ملک بھر میں چہارشنبہ کو ہونے والے عام انتخابات کے انعقاد کے لیے تیاریاں حتمی مرائل میں داخل ہوگئی ہیں اور بیلٹ پیپرز اور دیگر انتخابی مواد کی حلقوں کو ترسیل کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔انتخابی عمل کو فول پروف بنانے کی غرض سے پولیس اور رینجرز کے ساتھ ساتھ فوج سے بھی مدد لی گئی ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق 8000 نیوی اور ائیر فورس کے جوانوں سمیت تین لاکھ 71 ہزار 388 فوجی اور تین لاکھ 82 ہزار پولیس اہلکاروں نے پیر کو انتخابات کی سکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔انتخابی عملے اور سکیورٹی اہلکاروں نے پیر کی دوپہر تک ان عمارتوں کا کنٹرول بھی سنبھال لیا ہے جہاں پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔سکیورٹی پلان کے مطابق ہر پولنگ اسٹیشن پر دو فوجی اندر جبکہ دو باہر اپنی ڈیوٹی انجام دیں گے۔سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کے مطابق منگل کو بیلٹ پیپرز اور دوسرا انتخابی مواد فوج کی نگرانی میں ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے پولنگ اسٹیشنز پہنچایا جائے گا۔

جواب چھوڑیں