جی ایس ٹی نے کانگریس لیگاسی ٹیکس کو ہٹادیا: ارون جیٹلی

مرکزی وزیر ارون جیٹلی نے جمعہ کے دن کہا کہ جی ایس ٹی نے کانگریس لیگاسی ٹیکس کو گڈ اینڈ سمپل ٹیکس(اچھے اور آسان ٹیکس) سے بدل دیا جو بیشتر اشیا پر 31 فیصد تھا۔ انہوں نے کہا کہ آمدنی وصولی بڑھنے پر موجودہ 28 فیصد کا سلاب برخواست ہوجائے گا۔ انہوں نے فیس بک پوسٹ پر کہا کہ آزادی کے بعد سے سب سے بڑی ٹیکس اصلاح کا جشن منانا چاہئے جس نے کانگریس لیگاسی ٹیکس کو گڈ اینڈ سمپل ٹیکس سے بدل دیا۔ جیٹلی نے کہا کہ جی ایس ٹی سے پہلے کی شرح کانگریس پارٹی کا ورثہ تھی۔ سنٹرل اکسائز ٹیکس + ویاٹ + سی ایس ٹی( سنٹرل سیلز ٹیکس) 12% + 14% + 2% تھی۔ اس میں ٹیکس کا مجموعی اثر جوڑ لیا جائے تو ٹیکس 31 فیصد ہوجاتا ہے۔ گھریلو استعمال کی اشیا منرل واٹر‘ ہیر آئیل‘ ٹوتھ پیسٹ‘ صابن اور دودھ کی اشیا ‘ وائٹ گڈس(فریج واشنگ مشین) سب پر 31 فیصد ٹیکس لگایا گیا تھا۔ اس زمرہ میں جملہ 235 اشیا تھیں۔ یہ 31 فیصد ٹیکس کانگریس پارٹی کا ہندوستان پر مسلط تحفہ تھا۔ یہ کانگریس لیگاسی ٹیکس تھا۔ 13 ماہ کی ریکارڈ مدت میں جی ایس ٹی کونسل نے 28 فیصد کا زمرہ لگ بھگ برخواست کردیا۔

جواب چھوڑیں