عمران خان کو سابق انٹرنیشنل کرکٹرس کی مبارکباد

عام انتخابات 2018 میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کامیابی پر انٹرنیشنل کرکٹرز کی جانب سے عمران خان کو مبارکباد پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ سابق ہندوستانی کپتان کپل دیو نے اپنے ویڈیو پیغام میں عمران خان کو مبارکباد دی اور کہاکہ عمران خان کا وزیراعظم بننا بہت خوشی کی بات ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار کوئی کھلاڑی وزیراعظم کے منصب پر فائز ہونے جا رہاہے، لہذا دعا ہے کہ جس طرح انہوں نے کرکٹ کے میدان میں وطن کیلئے کام کیا، اس سے بہتر پاکستان کی خدمت کریں اور ترقی سے ہمکنار کریں۔ کپل دیو نے مزید کہاکہ عمران خان میں پہلے بھی جنون تھا اور اب بھی ہے اور اگر ہند۔پاک کرکٹ تعلقات بحال ہوئے تو انہیں بیحد خوشی ہوگی۔ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل ) کے چیرمین راجیو شکلا نے بھی انتخابات میں عمران خان کی کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی اور کہاکہ یہ میرا اعزاز ہے میں نے یہ پوزیشن حاصل کرنے کیلئے ان کی 22 برس کی محنت دیکھی ہے ۔ تبصرہ نگار اور سابق کرکٹر سنجے منجریکر نے بھی عمران خان کو اپنا کرکٹ ہیرو قرار دیتے ہوئے مبارکباد پیش کی اور کہاکہ عمران بلند معیار ترتیب دینے کی مثال ہیں اور اس پر پہنچ رہے ہیں۔ سابق انگلش کرکٹر جیفری بائیکاٹ نے عمران خان کی اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کی ٹوئیٹ کا جواب دیتے ہوئے عمران خان کو زبردست کپتان اور کرکٹر قرار دیا اور انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ بہتر کام کریں گے۔ ایسے ہی انگلینڈ کے ایک اور سابق کرکٹر مائیکل وان نے بھی عمران خان کی فتح کی خبر کو زبردست قرار دیا۔ ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر رافیل بشپ نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں دل کی گہرائیوں سے عمران خان کو مبارکباد پیش کی اور کہاکہ سن کر فخر ہوا کہ ایک شاندار سابق کرکٹر ملک کی قیادت میں اہم کردار ادا کرسکے گا۔ میری دعا ہے کہ وہ دیانتداری اور مثال کے ساتھ قیادت کریں۔

جواب چھوڑیں