شکتی پروگرام ایک لاکھ کانگریس کارکنوں کااندراج

صدرپردیش کانگریس تلنگانہ این اتم کمار ریڈی نے شکتی پروگرام میں ایک لاکھ پارٹی ورکرس اور ہمدردوں کے ناموں کے اندراج کے سنگ میل عبور کرنے پر پارٹی کیڈرکو مبارکباددی ۔ صدرکانگریس راہول گاندھی نے بنیادی سطح پر پارٹی کومستحکم کرنے کے لئے شکتی پروگرام کو متعارف کرایاہے ۔ سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم کی آمد کے سلسلہ میں گاندھی بھون میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمارریڈی نے یہ بات کہی۔ شکتی پروگرام پر عمل آوری کاجائزہ لینے کے لئے چدمبرم تنظیمی دورہ پر ہفتہ کو گاندھی بھون پہنچے۔ اس اجلاس میں سی ایل پی لیڈرکے جانا ریڈی ‘ قانون سازکونسل میں قائدحزب اختلاف محمدعلی شبیر ‘ سابق صدور پردیش کانگریس وی ہنمنت رائو اور پونالہ لکشمیا ‘ کانگریس کے ڈاٹا تجزیہ نگارپراوین چکرورتی ‘ صدور ضلع کانگریس اور دیگر شریک تھے۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ شکتی پروگرام میں زائدازایک لاکھ ورکرس نے اپنے نام درج کرائے ہیں جواس بات کا ثبوت ہے کہ ریاست تلنگانہ میں کانگریس پارٹی تنظیمی طورپرمضبوط ہوئی ہے ۔ پارٹی قیادت کی آواز پر سرعت کے ساتھ ردعمل کااظہار کرتے ہوئے ایک لاکھ کارکنوں نے شکتی پروگرام میں اپنے ناموں کااندراج کرایا جواس بات کا اشارہ ہے کہ پارٹی 2019 کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے اقتدارحاصل کرنے کے لئے تیار ہے ۔ انہوںنے کہاکہ شکتی پروگرام میں مزید کارکنوں کے ناموں کے اندراج کی ضرورت ہے ۔ ہرایک بوتھ سے کم ازکم 20ورکرس کو اپنے نام درج کرانا چاہئے ۔ ریاست میں 31ہزار پولنگ بوتھس ہیں۔ شکتی پروگرام سے پارٹی کارکن اعلیٰ قیادت سے راست طورپر ربط پیداکرسکتے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے مزیدکہاکہ وہ دہلی روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ راہول گاندھی سے دیگر امور پر تبادلہ خیال کریںگے ۔ راہول گاندھی کی ہدایت پر چدمبرم تلنگانہ اورکرناٹک کادورہ کرتے ہوئے شکتی پروگرام میںپیش رفت کا جائزہ لے رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں