کالجس کے طلبہ کیلئے مڈ ڈے میلس اسکیم پر عمل آوری پر غور

ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری کی زیر صدارت کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس آج یہاں منعقد ہوا جس میں ریاست کے سرکاری کالجوں میں زیر تعلیم 5لاکھ طلبہ کو مڈڈے مل اسکیم کے تحت دوپہر کا کھانا فراہم کرنے کا جائزہ لیا گیا ۔ کڈیم سری ہری کی زیر صدارت تشکیل دی گئی کابینہ کی سب کمیٹی میں وزرا ایٹالہ راجندر ، ٹی ہریش راؤ ، اے اندرا کرن ریڈی کے علاوہ سماجی ادارہ اکشیا پاترا فاؤنڈیشن کا نمائندہ شامل ہے۔ یہ اجلاس ہفتہ کے روز سکریٹریٹ میں منعقد ہوا ۔ کابینہ کی ذیلی کمیٹی میں گورنمنٹ کالجوں جیسے ڈگری و جونیر کالجس، پالی ٹیکنک ماڈل جونیر کالج ، بی ایڈ اور ڈی ایڈ کا لجوں کے طلبہ کو مڈ ڈے مل اسکیم سے مستفیدکرانے کے مسئلہ پر غور وخوض کیا گیا ۔ اکشیا پاترا فاؤنڈیشن کے نمائندہ نے اجلاس میں تجویز پیش کی کہ اگر حکومت، اشیائے ضروریہ فراہم کرے گی تو فاؤنڈیشن ، دوپہر کے کھانے کا پکوان کرتے ہوئے میلس کو متعلقہ کالجوں کو اپنی جانب سے روانہ کرے گا ۔ایک تجویز یہ بھی سامنے آئی کہ اگر حکومت اجازت دے تو فاؤنڈیشن، اشیائے ضروریہ خرید کر پکوان کرے گا اور کالجوں کو روانہ کرے گا جبکہ ایک اور تجویز یہ رکھی گئی کہ ہوٹلوں اور میس سے کھانا خرید کر کالجوں کے طلبہ کو سربراہ کیا جائے ۔ تاہم کابینہ کی ذیلی کمیٹی کسی نتیجہ پر نہیں پہنچ پائی ۔ جس کے بعد سب کمیٹی کا اجلاس3اگست کو دوبارہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ وزرا نے عہدیداروں اور فاؤنڈیشن کے نمائندہ کو تفصیلی رپورٹس کے ساتھ آئندہ اجلاس میں شرکت کی ہدایت دی گئی ۔

جواب چھوڑیں