بنگلہ دیش نے ونڈے سیریز 2-1 سے جیت لی

سلامی بلے باز تمیم اقبال کی شاندار سنچری کی مدد سے بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے ونڈے میں 18 رن سے شکست دے کر 3 میاچس کی سیریز 2-1 سے جیت لی۔ میزبان ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 302 رنوں کی ضرورت تھی تاہم وہ 283 رنوں تک ہی پہنچ پائی۔ آخری اوورس میں روومیان پاویل نے دھواں دھار بلے بازی کے ذریعہ جیت کی امید پیدا کردی تھی تاہم دیگر بلے بازوں نے ان کا مناسب ساتھ نہیں دیا۔ پاویل 5 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 74 رن بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں اوپنر کریس گیل 73‘ شاہی ہوپ 64 اور شمرون ہٹمیئر 30 رن بنانے میں کامیاب رہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے کپتان مرتضیٰ نے 2 جبکہ مہدی حسن‘ مستفیض الرحمن اور روبل حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں بنگلہ دیش نے پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے اوپنر تمیم اقبال کی سنچری کی مدد سے 301 رن بنائے۔ تمیم کی سیریز میں یہ دوسری سنچری تھی۔ انہوں نے 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 103 رن بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں شکیب الحسن 37‘ مشفق الرحیم 12‘ محمود اللہ 67 اور کپتان مرتضیٰ 36 رن بناکر آئوٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان ہولڈر اور ایشلے نرس نے 2,2 جبکہ کوٹریل اور دیویندر بشو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ تمیم اقبال کو میان آف دی میاچ اور سیریز قرار دیاگیا ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 3 میاچس کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا مقابلہ 31 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

جواب چھوڑیں