ضلع نلگنڈہ میں المناک سڑک حادثہ،6 افراد جاں بحق

ضلع نلگنڈہ میں اتوار کی ابتدائی ساعتوں میں پیش آئے ایک المناک حادثہ میں ایک خاندان کے6 افراد اس وقت ہلاک ہوگئے جبکہ ایک کار، جس میں یہ افراد سوار تھے ، بے قابو ہوگئی اور بس اسٹانڈ کی دیوار سے ٹکرا گئی ۔ یہ حادثہ ناسرا پلی میں پیش آیا۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ 4افراد برسر موقع ہلاک ہوگئے جبکہ مابقی دو، قریبی ہاسپٹل میں دوران علاج زخموں سے جانبر نہ ہوسکے ۔ مہلوکین کا تعلق شہر حیدرآباد کے ٹولی چوکی علاقہ سے بتایا گیا ہے ۔یہ افراد، تفریح کیلئے ناگر جنا ساگر ڈیم جارہے تھے کہ حادثہ کا شکار ہوگئے ۔ پولیس نے مقام حادثہ پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا کہ خستہ ہال کار کی تیز رفتاری ، حادثہ کا اہم سبب ہوسکتی ہے۔پی ٹی آئی کے بموجب تفریح کا پروگرام آج ایک خاندان کیلئے سانحہ بن گیا ایک خاندان کے6 ‘ افراد ہلاک اور دیگر4اس وقت زخمی ہوگئے جبکہ ایک تیز رفتار ملٹی یوٹیلیٹی وہیکل ( ایم یو وی ) جس میں یہ افراد سوار تھے بس شیلٹر کی دیوار سے ٹکرا گئی ۔ یہ حادثہ ضلع نلگنڈہ کے موضع ناسرا پلی کے قریب پیش آیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ تیز رفتار گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی اور ناسرا پلی کے قریب ایک بس شیلٹر کی دیوار سے ٹکرا گئی ۔ یہ افراد ، تفریح کیلئے ناگر جنا ساگر جا رہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا ۔ اس گاڑی میں10افراد سوار تھے اور گاڑی کو مبینہ طور پر تیز رفتاری سے چلا رہے تھے ۔ دوخواتین اور ایک پانچ سالہ لڑکے کے بشمول جملہ6 افراد برسر موقع ہلاک ہوگئے جو ایک خاندان کے بتائے گئے ہیں۔ ڈی ایس پی روی کمار نے بتایا کہ4زخمیوں کو ہاسپٹل میں شریک کرایا گیا ۔ یہ ایم یو وی ، اُن تین گاڑیوں میں شامل ہے جو تفریح کے مقام پر جارہی تھیںاندازہ لگا یا گیا ہے کہ ان گاڑیوں میں30افراد سوار تھے ۔ نمائندہ منصف کے بموجب مہلوکین کی شناخت ایم ڈی مہین یا محسن، تمو، مصطفی، صدام، اختر اور عائشہ کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ ان تمام کا تعلق ایک خاندان سے بتایا گیا ہے اور یہ ٹولی چوکی کے متوطن بتائے گئے ہیں ۔ مقامی افراد نے بتایا کہ حادثہ کے وقت گاڑی میں8 افراد سوار تھے ۔یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جبکہ 5 خاندانوں کے افراد تین مختلف گاڑیوں کے ذریعہ پکنک کیلئے جارہے تھے ۔ پولس نے شبہ ظاہر کیا کہ ڈرائیور کی لاپرواہی کے سبب یہ سانحہ پیش آیا ۔ اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی دیور کنڈہ روی کمار، سرکل انسپکٹر نامپلی وینکٹ ریڈی اور چنتہ پلی کے ایس ایس ناگا بھوشنم مقام حادثہ پہنچے ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔

جواب چھوڑیں