پارٹی کارکنوں کو انتخابی مہم کیلئے تیار رہنے کی ہدایت: اتم کمارریڈی

صدر پردیش کانگریس تلنگانہ این اُتم کمار ریڈی نے آج پارٹی کارکنوں کو ہدایت دی کہ وہ آنے والے انتخابات کے لئے تیار رہیں اور آئندہ انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کرتے ہوئے ریاست کی ٹی آر ایس اور مرکز کی بی جے پی حکومتوں کی ناکامیوں کو اجاگر کریں۔ شہر میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریاست بھر میں تنظیمی طور پر کانگریس‘ بہت زیادہ مضبوط ہے۔ ایک لاکھ سے زائد پارٹی کارکنوں نے شکتی پروگرام میں اپنے نام درج کرائے ہیں۔ توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں ناموں کے اندراج میں مزید اضافہ ہوگا۔ پارٹی کو بنیادی سطح سے مستحکم بنانے کے لئے صدر کانگریس راہول گاندھی نے منفرد شکتی پروگرام کو متعارف کرایا ہے۔ شکتی پروگرام میں مزید ناموں کے اندراج پر زور دیتے ہوئے اُتم کمار ریڈی نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ انتخابی تیاریوں کو شروع کردیں اور اس مہم میں ریاست اور مرکزی حکومتوں کی ناکامیوں کو منظر عام پر لائیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ دل خوش کن اعلانات و وعدے کرتے ہوئے کے چندر شیکھر راؤ نے عوام کے تمام طبقات کے ساتھ دغا بازی کی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر کے سی آر دونوں نے گذشتہ 4 برسوں سے حیدرآباد کی ترقی کے لئے کچھ نہیں کیا ہے۔ ٹی آر ایس حکومت‘ انفراسٹرکچر کی دیکھ بھال کرنے میں بھی ناکام رہی ہے جسے پیشرو کانگریس حکومت نے فراہم کیا تھا۔ کانگریس کی جانب سے جاری کردہ صحافتی اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر ‘ غیر قانونی طریقہ سے دولت اکھٹا کرنے اور افراد خاندان کی بہبود پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ کے سی آر خاندان کے 4 افراد کے سوا‘ کسی نے بھی علیحدہ تلنگانہ کے ثمرات سے استفادہ نہیں کیا ہے۔ علیحدہ تلنگانہ کے فوائد سے کے سی آر خاندان کے 4 افراد ہی مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت ایسے کاموں کو شروع کررہی ہے جہاں اس کو کنٹراکٹرس سے کمیشن حاصل ہوتا ہے۔ ریڈی نے دعویٰ کیا کہ کانگریس پارٹی‘ انتخابات کے لئے پوری طرح تیار ہے چاہے انتخابات کبھی بھی کسی بھی وقت منعقد کئے جائیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سروے کے تمام رپورٹس اس بات کا اشارہ دے رہی ہیں کہ آئندہ انتخابات میں کانگریس کی شاندار کامیابی یقینی ہے۔ ایک دوسرے پروگرام سے جو کالیشورم پراجکٹ سے متعلق راؤنڈ ٹیبل کانفرنس تھی‘ خطاب کرتے ہوئے این اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ اس پراجکٹ کے لئے مختلف بینکوں سے کروڑہا روپے کا قرض لیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں