ریاستی وزیرجوگورمنا لفٹ حادثہ میں بال بال بچ گئے

وزیر جنگلات وماحولیات جوگورمنا آج بال بال بچ گئے جب منچریال کے ایک خانگی دواخانہ کی لفٹ جس میں وہ سوارتھے‘ پہلی منزل سے پھسل کر زیریں منزل پر گرگئی۔ تاہم وزیرموصوف زخمی نہیں ہوئے۔ رمنا اس دواخانہ افتتاح کیلئے پہنچے تھے۔ ڈی سی پی منچریال ایم ایس وینوگوپال رائو نے بتایا کہ لفٹ کے کیبل وائر زیادہ وزن ہونے کے باعث کٹ گئے جس کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا لیکن جوگورمنا اور دیواکر رائو کو کوئی زخم نہیں آئے اور پولیس اور ضلع نظم ونسق کے حکام نے اطمینان کی سانس لی۔لفٹمیں وزیرموصوف کے علاوہ مقامی رکن اسمبلی این دیواکر رائو اور دیگر کئی عوامی نمائندے سوار تھے اور بالائی منزل کو جارہے تھے ۔ ایک پولیس عہدیدار نے بتایا’’یہ حادثہ تکنیکی غلطی کی وجہ سے پیش آیا۔ میں حادثہ کے وقت اُس مقام پر تھا‘‘ انہوں نے کہا ’’اگر لفٹ کے دوسری یا تیسری منزل پر رہنے کے دوران کیبل ٹوٹ جاتے تو اس میں سوار افراد زخمی ہوجاتے‘‘ رمنا نے بعد میں ٹاون اور ضلع کے مختلف حصوں میں تمام مقررہ پروگراموں میں حصہ لیا۔ اتفاقی طور پر وزیر موصوف منچریال ٹاون میں پانچ ماہ قبل بھی بال بال بچ گئے تھے جب 17 فروری کو رمنا کے جلسہ کیلئے نصب کئے جانے والے شامیانہ کو آتش بازی کی وجہ سے آگ لگ گئی تھی۔ اس حادثہ میں بھی وہ زخمی نہیں ہوئے تھے۔

جواب چھوڑیں