لالو پرساد یادو‘ بیوی اور بیٹے کی 31 اگست کو عدالت میں طلبی

 دہلی کی ایک عدالت نے آج آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو‘ ان کی بیوی رابڑی دیوی اور لڑکے تیجسوی یادو کے علاوہ دیگر افراد کو انڈین ریلوے کیٹرنگ اینڈ ٹورازم کارپوریشن (آئی آر سی ٹی سی) اسکام میں بطور ملزمین طلب کیا۔ خصوصی جج اروند کمار نے انہیں ہدایت دی کہ وہ 31 اگست کو حاضر عدالت ہوں۔ معاملہ آئی آر سی ٹی سی کی 2 ہوٹلوں کا ٹھیکہ ایک خانگی فرم کو دینے میں مبینہ بے قاعدگیوں کا ہے۔ سی بی آئی نے جس نے 16 اپریل کو چارج شیٹ داخل کی تھی‘ کہا تھا کہ ملزمین کے خلاف کافی ثبوت ہے۔ چارج شیٹ میں لالو پرساد یادو اور ان کے ارکان خاندان کے علاوہ سابق مرکزی وزیر پریم چند گپتا‘ ان کی بیوی سرلا گپتا ‘ ایڈیشنل ممبر ریلوے بورڈ بی کے اگروال‘ اس وقت کے منیجنگ ڈائرکٹر آئی آر سی ٹی سی ‘ پی کے گوئل اور اس وقت کے ڈائرکٹر آئی آر سی ٹی سی راکیش سکسینہ کا نام لیا گیا۔ ڈیلائٹ مارکٹنگ کمپنی (موجودہ لارا پراجکٹس) اور سجاتا ہوٹلس پرائیوٹ لمیٹڈ کا نام بھی چارج شیٹ میں لیا گیا۔ سی بی آئی نے کیس گذشتہ برس جولائی میں درج کیا تھا اور پٹنہ‘ رانچی‘ بھوبنیشور اور گروگرام میں 12 مقامات پر تلاشی لی تھی۔

جواب چھوڑیں