ویراٹ کوہلی اور جسپریت بمراہ پہلے مقام پر برقرار

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان پہلی بار آئی سی سی ونڈے رینکنگ میں ٹاپ 20 بلے بازوں کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔ وہ بابراعظم کے بعد دوسرے پاکستانی بیاٹسمین ہیں جو 20 صف اول کے بلے باموں میں شامل ہیں۔ زمبابوے کے خلاف پانچ ونڈے میچوں میں فخر زمان نے 515 رنز بنائے ۔ وہ اس غیرمعمولی کارکردگی کی بناء پر 22 درجے اوپر آئے ہیں اب ان کا نمبر 16 واں ہے۔ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ابتدائی 3 ونڈے میچوں کے بعد فخر زمان 24 ویں نمبر پر تھے۔ چوتھے ونڈے میں 210 اور آخری میچ میں 85 رنز بناکر انہوں نے رینکنگ میں غیرمعمولی چھلانگ لگائی ہے۔ اس فہرست میں ہندوستان کے ویراٹ کوہلی پہلے اور پاکستان کے بابراعظم دوسرے نمبر پر ہیں۔ جوئے روٹ تیسرے اور روہت شرما چوتھے نمبر پر ہیں۔ بابراعظم زمبابوے کے خلاف سیریز میں 184 رنز اسکور کرنے پرایک درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ فخر زمان کے اوپننگ پارٹنر امام الحق کی بھی ونڈے رینکنگ میں بہتری ہوئی۔ وہ 43 ویں نمبر پر براجمان ہیں، امام الحق نے زمبابوے کے خلاف سیریز میں 3 سنچریوں کی مدد سے 395 رنز اسکور کیے تھے۔ امام الحق 51 درجے بہتری کے بعد 43 ویں نمبر پر ہیں۔ بولنگ میں ہندوستان کے جسپریت بمراہ پہلے نمبر پر ہیں۔ افغانستا ن کے راشد خان دوسرے اور پاکستان کے حسن علی تیسرے نمبر پر ہیں۔ ٹاپ 20 بولروں میں حسن علی کے علاوہ کوئی اور پاکستانی بولر شامل نہیں ہے۔ دنیا کے ٹاپ آل رائونڈرز میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن پہلے، افغانستان کے محمد نبی دوسرے اور محمد حفیظ تیسرے نمبر پر ہیں۔ بولنگ رینکنگ میں لیگ اسپنر شاداب خان اور فہیم اشرف کی رینکنگ میں بھی بہتری ہوئی ہے، دونوں بولرز نے سیریز میں 9 وکٹیں حاصل کی تھیں، شاداب خان 31 اور فہیم اشرف 79 ویں نمبر پر ہیں۔ آئی سی سی ونڈے ٹیم رینکنگ میں انگلینڈ پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ ہندوستانی ٹیم دوسرے، جنوبی افریقہ تیسرے، نیوزی لینڈ چوتھے، پاکستان پانچویں ، آسٹریلیا چھٹے، بنگلا دیش ساتویں، سری لنکا آٹھویں، ویسٹ انڈیز نویں اور افغانستان دسویں نمبر پر براجمان ہے۔

جواب چھوڑیں