کرونا ندھی کی حالت مستحکم ۔علیل قائد سے چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر ٹاملناڈو کی آئی سی یو میں ملاقات

ڈی ایم کے صدر ایم کرونا ندھی کی صحت مستحکم ہے اور ان کے اہم اعضاء معمول کے مطابق کام کررہے ہیں ۔ پارٹی کے ایک ترجمان نے آج یہ بات بتائی ۔ ٹی کے ایس الانگون نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ اتوار کی رات تنفس کا مسئلہ پیدا ہوا تھا ، تاہم اب ان کی حالت بہتر ہے ۔ کاویری ہاسپٹل کے ڈاکٹر ان کی حالت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 94 سالہ قائد جنہیں انٹینسو کیر یونٹ (آئی سی یو) میں شریک کرایا گیا ہے ، اپنے ہاتھ پیر ہلا رہے ہیں اور انہوں نے آنکھیں بھی کھولی ہیں۔ ہاسپٹل کے ذرائع نے بھی کہا کہ آئی سی یو میں شریک کرائے جانے کے بعد کروناندھی نے ہاتھوں اور پیروں کو حرکت دی اور اپنی آنکھیں بھی کھولی تھیں۔ کروناندھی پانچ مرتبہ ٹاملناڈو کے چیف منسٹر رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 13 مرتبہ اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کیا اور کبھی نہیں ہارے۔ انہیں ہفتہ کی رات 1:30 بجے شب بلڈ پریشر میں گراوٹ کے بعد ہاسپٹل میں شریک کرایا گیا ۔ اتوار کی رات دیر گئے ان کی صحت کے بارے میں تشویش میںاس وقت اضافہ ہوگیا جب سانس لینے میں دشواری کا مسئلہ پیدا ہونے پر تمام ارکانِ خاندان اور سینئر پارٹی قائدین ہاسپٹل پہنچ گئے۔ بعد ازاں ہاسپٹل نے ایک بیان جاری کیا ، جس میں کہا گیا کہ ڈی ایم کے صدر اور سابق چیف منسٹر ٹاملناڈو کرونا ندھی کی حالت قدرے بگڑی تھی ۔ طبّی امداد کے بعد ان کے اعضاء معمول کے مطابق کام کرنے لگے ہیں ۔ ان کی حالت پر قریبی نظر رکھی جارہی ہے اور ماہرین کا پینل ان کا علاج کررہا ہے۔ کروناندھی کے فرزند اور ڈی ایم کے پارٹی کے کارگذار صدر ایم کے اسٹالن نے ہاسپٹل کے باہر جمع ہونے والے ہزاروں پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ پرسکون رہیں۔ اسٹالن نے اتوار کے روز جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ کرونا ندھی کی حالت قدرے ابتر ہونے کے بعد اب مستحکم ہے ۔پارٹی کیڈرس کو پولیس نے مشورہ دیا کہ وہ منتشر ہوجائیں۔ الانگون کے مطابق پارٹی کیڈر کی تشویش میں اتوار کی رات دیر گئے اس وقت اضافہ ہوگیا جب اچانک پولیس کی بھاری جمعیت کو متعین کردیا گیا اور چیف منسٹر پلانی سوامی‘ کی سیلم میں طے شدہ پروگراموں کو منسوخ کرتے ہوئے فوری چینائی واپسی کی اطلاعات عام ہوگئیں۔ چیف منسٹر کے پلانی سوامی اور ان کے نائب اوپنیر سلوم نے آج ہاسپٹل میں کرونا ندھی سے ملاقات کی ۔ پلانی سوامی نے رپورٹرس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کرونا ندھی کی حالت مستحکم ہے ۔ سوامی اور پنیر سلوم نے اسٹالن اور کنی مولی کے ہمراہ آئی سی یو میں علیل قائد سے ملاقات کی ۔

جواب چھوڑیں