عمران خان کی سرکاری قیام گاہ‘ منسٹرس انکلیو میں ہوگی

 پاکستانی حکام نے طے کیا ہے کہ متوقع وزیراعظم عمران خان کو منسٹرس انکلیو میں ایک مکان ان کی سرکاری قیام گاہ کے طورپر الاٹ کیا جائے کیونکہ وہ پرائم منسٹرس ہاؤز (پی ایم ایچ) استعمال کرنے سے انکار کرچکے ہیں۔ قبل ازیں بنی گلہ کی رہائش گاہ کو عمران کی سرکاری قیام گاہ بنانے کا خیال تھا لیکن یہ علاقہ کھلا اور غیرمحفوظ ہے۔ اس عمارت میں پختہ سیکوریٹی فراہم نہیں ہوسکتی۔ پاکستانی روزنامہ ڈان نے پولیس عہدیداروں کے حوالہ سے چہارشنبہ کو یہ اطلاع دی ۔ عمران کے سامنے مزید متبادلات رکھے گئے جن میں منسٹرس انکلیو شامل تھا۔ عمران نے منسٹرس انکلیو قبول کرلیا تاہم انہوں نے کہا کہ انہیں نچلے درجہ کا مکان دیا جائے۔ پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ نچلے درجہ میں فلیٹس آتے ہیں لیکن سیکوریٹی اور وزیراعظم کے پروٹوکول کے لئے فلیٹ موزوں نہیں ‘ مکان لینا بہتر ہوگا۔ اس پر عمران نے مکان لینے پر آمادگی ظاہر کی۔

جواب چھوڑیں