حلف برداری تقریب میں بیرونی شخصیتوں کو مدعو نہ کرنے عمران خان کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیرِاعظم کی حلف برداری کی تقریب میں غیرملکی شخصیات کو مدعو نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پی ٹی آئی کے ترجمان اور سکریٹری اطلاعات فواد چودھری کے مطابق چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیرِ اعظم کی حلف برداری کی تقریب انتہائی سادگی کے ساتھ منعقد کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔تحریک انصاف کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ چیرمین پی ٹی آئی ایوانِ صدر میں سادگی سے منعقد ہونے والی تقریب میں وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے۔فواد چودھری نے بتایا کہ پارٹی نے تقریبِ حلف برادری میں غیر ملکی شخصیات کو مدعو نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پی ٹی آئی کے سکریٹری اطلاعات نے کہا کہ حلف برداری کی تقریب مکمل طور پر ایک قومی تقریب ہوگی، جبکہ اس سے کسی قسم کے تعیش یا تکلف کا اظہار نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیرمین تحریک انصاف کے چند خاص دوستوں کو بیرون ملک سے تقریب میں شرکت کے لیے مدعو کیا جائے گا جبکہ اس کے علاوہ دیگر کسی شخصیت کو حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔واضح رہے کہ یکم اگست کو تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے تصدیق کی تھی کہ ان کی جماعت نے وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب میں سربراہان مملکت کو مدعو کرنے کے لیے دفتر خارجہ سے بات کی ہے جبکہ اس سے قبل ڈان اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ الیکشن میں کامیابی کے بعد عمران خان نے وزیرِاعظم کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے ہندی فلموں کے اداکار عامر خان، سابق ہندوستانی کرکٹ کیپٹن کپل دیو اور مایہ ناز بیاٹسمین سنیل گواسکر کو دعوت دی ہے۔

جواب چھوڑیں