راہول گاندھی کا 13اگست سے دورہ حیدرآباد۔ گاندھی بھون میں آئی ٹی سیل کا افتتاح

صدراے آئی سی سی راہول گاندھی 13 اگست سے حیدرآبادکادوروزہ دورہ کریں گے ۔ صدرپی سی سی این اتم کمارریڈی نے آج گاندھی بھون میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ راہول گاندھی 13اور 14 اگست کو رنگاریڈی ضلع میں پرجاچیتنیہ بس یاترا میں حصہ لیں گے اور مختلف جلسوں سے خطاب کریں گے۔ قبل ازیں اتم کمارریڈی نے گاندھی بھون میں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے آئی ٹی سیل کا افتتاح انجام دیا اور کہاکہ مدن موہن رائو اس سیل کے چیرمین ہوں گے ۔ انہوںنے کہاکہ آئی ٹی سیل پارٹی قائدین اور کارکنوں کے درمیان رابطہ کے لئے اہم رول اداکرے گا اورکانگریس پارٹی اپنی پالیسیوں اورنظریات کوعوام تک پہنچانے کے لئے عصری ٹکنالوجی کا استعمال کرے گی اس کے لئے پارٹی کیڈرکوباقاعدہ ٹکنالوجی سے لیس کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ آئی ٹی سیل ریاست میں ٹی آرایس حکومت اورمرکز کی بی جے پی حکومت کی ناکامیوں کومنظرعام پرلانے میں اہم رول ادا کرے گا۔ ریاستی وزیر کے ٹی راما رائو کی جانب سے کانگریس قائدین پر عائد کئے گئے ریمارکس سے متعلق سوال پر اتم کمار ریڈی نے کہاکہ ان کے ریمارکس بچکانہ ہیں وہ اس پرتبصرہ کرنا مناسب نہیں سمجھتے ۔ اس موقع پرچیرمین آئی ٹی سیل مدن موہن نے کہاکہ آئی ٹی سیل پارٹی قائدین اورکارکنوں کے درمیان رابطہ کا رول اداکرے گا۔ اس کے لئے ایک منفردپروگرام کانگریس ہیومن ریسوریس مینجمنٹ سسٹم تیار کیاگیا ہے ۔اس نئے سسٹم مزید فروغ دیا جائے گا جس کے ذریعہ پارٹی کے پروگراموں اورپالیسیوں کوعام آدمی تک پہنچایا جائے گا۔ اس موقع پر قائد اپوزیشن کونسل محمدعلی شبیر ‘انجن کماریادو سابق ایم پی اوردیگر قائدین موجودتھے۔

جواب چھوڑیں