ہیلمٹ نہیں تو پٹرول نہیں نظریہ کو فروغ دینے پٹرول پمپس مالکین سے اپیل

دونوں شہروں میں حادثات کی روک تھام کے لئے جاری اقدامات میں پیشرفت کرتے ہوئے اب محکمہ محابس نے تمام پٹرول پمپ مالکین سے اپیل کی کہ وہ موٹر سائیکل سواروں کے لئے ہیلمٹ نہیں تو پٹرول نہیں کے نظریہ کو فروغ دیں۔ ڈائرکٹر جنرل محابس وی کے سنگھ نے دونوں شہروں کے پٹرول پمپ مالکین کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں اس بات پر زور دیا کہ وہ ہیلمٹ نہیں تو پٹرول نہیں کے تصور کو حقیقت میں بدلنے کے لئے آگے آئیں۔ وی کے سنگھ نے کہا کہ بغیر ہیلمٹ کے بائیک پر سواری کرنے کی وجہ سے کئی حادثات رونما ہورہے ہیں۔ ڈاکٹر جنرل نے بتایا کہ محکمہ محابس کے قائم کردہ تمام 13 پٹرول پمپس پر موٹر سائیکل سواروں کیلئے ہیلمٹ نہیں تو پٹرول نہیں کے نظریہ کو نافذ کردیاگیا ہے اور عنقریب ریاست بھر میں محکمہ محابس کی جانب سے قائم کئے جانے والے 8 پٹرول پمپس پر بھی اس عمل کو لاگو کیاجائے گا۔ انہوں نے موٹر سائیکل سواروں اور معاشرے سے بھی درخواست کی کہ وہ بغیر ہیلمٹ کے سواری کرنے سے گریز کریں۔ وی کے سنگھ نے کہا کہ اسی بامقصد طریقہ کار پر عمل آوری کرنے سے حادثات میں کمی واقع ہوگی اور نوجوان موٹر سائیکل سوار وںکی حادثہ کے باعث ہونے والی ہلاکت میں کمی آئے گی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ہیلمٹ کے بغیر پٹرول فروخت نہ کرنے سے کاروبار متاثر ہوسکتا ہے۔ لیکن تجارت اور پیسے کا حصول ہمارا نصب العین نہیں ہے بلکہ معاشرے کی بہتر خدمت ہم سب کی اولین ترجیح ہونی چاہئے۔

جواب چھوڑیں