چھ قافلوں کے ذریعہ جملہ1800 عازمین مکہ مکرمہ پہنچ گئے

راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایر پورٹ سے آج 900عازمین پر مشتمل تین قافلے جدہ روانہ ہوئے۔ تمام پروازوں نے وقت مقررہ پر اڑان بھری اور وقت مقررہ پر جدہ ایر پورٹ پہنچ گئے‘ جہاں تمام رسمی کارروائیوں اور امیگریشن کی تکمیل کے بعد وہ مکہ مکرمہ روانہ ہوگئے۔اب تک چھہ قافلوں کے ذریعہ جملہ 1800عازمین حج حیدرآباد سے روانہ ہوئے اور براہ جدہ مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیںاور اپنی رہائش گاہوں میں منتقل ہوچکے ہیں۔ عازمین عمرہ کی سعادت سے سرفراز ہونے کے بعد دوسری عبادتوں میں مشغول ہوگئے اور بعض آرام کے لئے اپنی رہائش گاہوں کو چلے گئے۔ آج کے قافلوں کو محمد فاروق حسین ایم ایل سی ‘ صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خان‘اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور اور ارکان کمیٹی محمد عارف احمد ‘ ابو طلحہٰ امجد‘ ایم اے شفیع ‘ محمد عارف الدین ‘ ڈاکٹر عقیل ہاشمی اور محمد امتیاز خان نے جھنڈی دکھا کر وداع کیا۔ہرقافلہ کے ساتھ ایک ایک خادم الحجاج کو بھی روانہ کیا گیا ہے۔ صدر نشین حج کمیٹی نے عازمین حج سے ملک و قوم اور ریاست کی ترقی و خوشحالی کی دعا کرنے کی خواہش کی اور کہا کہ حکومت تلنگانہ سماج کے دیگر طبقات کے ساتھ ساتھ اقلیتوں خصوصاً مسلمانوںکی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے حج کیمپ کے انتظامات پر روشنی ڈالی ۔مولانا سید قبول پاشاہ شطاری معتمد صدر مجلس علمائے دکن نے عازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ حرمین شریفین میں آداب و اکرام کا مظاہرہ کریں۔ مدینہ منورہ خاص احترام کی جگہ ہے۔ حرمین میں بے کار کاموں میں دل نہ لگائیں عبادات اورتلاوت قرآن مجید اور درود شریف کا کثرت سے اہتمام کریں۔ مفتی تجمل حسین خطیب مسجد حسینی نے کہا کہ یہ برکت والا اور سراپا عشق و محبت کا سفر ہے‘ ساری محبتوں کو قربان کرکے حاجی لمبے چوڑے سفر پر جارہے ہیں کسی طرح کی بے ادبی اللہ کو پسند نہیں جو جتنا ادب کرتے ہیں اللہ ان کو اتنا ہی نوازتے ہیں۔ مولانا سید متین علی شاہ قادری نے حج کے فضائل تفصیل سے بیان کئے اور عازمین سے کہا کہ وہ احتیاط کے ساتھ مناسک ادا کریں اور عبادات پر توجہ دیتے رہیں۔حج کیمپ میں جذباتی مناظر دیکھنے میں آرہے ہیں۔ بار بار لبیک اللھم لبیک کی صدائوں سے حج ہاؤز گونج رہا ہے۔ کسٹمس اور امیگریشن کی کارروائیاں سکون و اطمینان کے ساتھ پوری کی جارہی ہیں۔
ہفتہ 4؍اگست کو دو پروازیں مقرر ہیں جن کے ذریعہ جملہ 600عازمین سفر حج پر روانہ ہوں گے۔

جواب چھوڑیں