کوہلی ونڈے کے بعد ٹسٹ میں بھی نمبر ایک بیاٹسمن بن گئے

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی ایک روزہ کرکٹ کے بعد ٹسٹ میں بھی پہلے نمبر پر آگئے ۔ انٹرنیشل کرکٹ کونسل نے ہندوستان اور انگلینڈ کے پہلے ٹسٹ کے بعد رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔ کوہلی نے پہلی پوزیشن آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ سے چھینی ہے جوکہ دوسرے اور انگلینڈ کے بلے باز جوئے روٹ تیسرے نمبر پر فائز ہے۔ انگلینڈ کے خلاف برمنگھم میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ کی دونوں اننگز میں شاندار بیاٹنگ کے باعث کوہلی کو ٹسٹ میں پہلا مقام حاصل ہوا۔ کوہلی نے برمنگھم ٹسٹ کی پہلی اننگز میں سنچری جبکہ دوسری اننگز میں نصف سنچری اسکور کی تھی۔ اسٹیو اسمتھ دسمبر 2005 سے یعنی 32 مہینے بیاٹمسینوں کی رینکنگ میں پہلے نمبر پر رہے ہیں لیکن انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ میں ویراٹ کوہلی نے 149 اور 51 رن کی اننگز کھیل کر ان سے یہ پوزیشن چھین لی۔ ویراٹ کوہلی نے پہلی مرتبہ نمبر ایک ٹسٹ بلے باز کا خطاب حاصل کیا ہے ۔ اس کے علاوہ 7 سال کے بعد کوئی ہندوستانی بلے باز نمبر ایک ٹسٹ بلے بناہے۔ اس سے پہلے جون 2011 میں سچن تیندولکر نمبر ایک ٹسٹ بلے باز بنے تھے۔ واضح رہے کہ ویراٹ کوہلی سے قبل سچن تنڈولکر‘ راہول ڈراویڈ‘ گوتم گمبھیر‘ سنیل گواسکر‘ ویریندر سہواگ اور دلیپ وینگسرکر بھی آئی سی سی ٹسٹ رینکنگ میں پہلا مقام حاصل کرنے والے ہندوستانی کھلاڑی ہیں۔ انگلش کی کامیابی میں اہم رول ادا کرنے والے سیم کرین نے 152 مقامات کی چھلانگ لگاکر بلے بازوں کی فہرست میں 72 واں مقام حاصل کیا جبکہ بولنگ کے شعبہ میں 49 مقامات کے فائدہ کے ساتھ 62 واں مقام حاصل کیا۔ سیم کرین کو 58 مقامات کے فائدہ کے بعد آل رائونڈرس کی فہرست میں 37 واں مقام بھی حاصل ہوا۔ وکٹ کیپر بلے باز جانی بیرسٹو کو بھی رینکنگ میں فائدہ حاصل ہوا۔ بیرسٹو کو ویسٹ انڈیز کے کریگ براتھویٹ کے ہمراہ 12 واں مقام حاصل ہوا۔ بولرس کی درجہ بندی میں جیمس اینڈرسن پہلے مقام پر برقرار ہیں جبکہ اسٹوارٹ براڈ اور محمد سمیع کو ایک ایک مقام کا نقصان ہوا ہے۔ براڈ کو 13 واں جبکہ سمیع کو 19 واں مقام حاصل ہے۔ آئی سی سی کی ٹسٹ رینکنگ میں ٹاپ 10 میں پاکستان کا کوئی بلے باز شامل نہیں ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستانی کپتان کوہلی ایک روز میاچس میں بھی پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔

جواب چھوڑیں