راجہ جی ہال کے باہر بھگدڑ 2 افراد ہلاک

 راجہ جی ہال کے باہر بھگدڑ میں چہارشنبہ کے دن 2 افراد ہلاک اور 35 معمولی زخمی ہوگئے۔ ڈی ایم کے قائد ایم کروناندھی کا آخری دیدار کرنے ہزاروں کی بھیڑ ہال کے باہر اکٹھا تھی۔ راجیو گاندھی گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ بھگدڑ میں زخمی ہونے والے 2 افراد کو مردہ لایا گیا ۔ ان میں ایک عورت اور ایک مرد شامل ہیں۔ مرنے والی عورت کی عمر 60 برس بتائی جاتی ہے۔ 35 معمولی زخمی بھی ہسپتال لائے گئے۔ بھیڑ کے باعث ان میں بعض کے جسم میں پانی ختم ہوگیا تھا۔ ان کا علاج جاری ہے۔ راجہ جی ہال کے باہر موجود ایک شخص نے بھگدڑ کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ صبح سے دھکم پیل ہورہی تھی ۔ بھیڑ میں موجود لوگ ایک دوسرے کو دھکیل رہے تھے۔ ڈی ایم کے قائد اور کروناندھی کے لڑکے ایم کے اسٹالن نے ہجوم سے اپیل کی تھی کہ وہ پرامن رہیں۔ ان کی اس اپیل کے فوری بعد یہ بھگدڑ مچی۔ بھیڑ ‘ کروناندھی کا آخری دیدار کرنے کے لئے بے چین تھی۔ وہ تابوت کے قریب نہیں پہنچ پارہی تھی۔ اسی لئے ایم کے اسٹالن نے اپیل کی تھی کہ لوگ پرامن رہیں۔

جواب چھوڑیں