رکن اسمبلی کونیرو کونپا کی جناب خان لطیف محمد خان سے ملاقات

رکن اسمبلی سرپور کا غذ نگر کونیرو کونپا نے آج دفتر روزنامہ منصف پہنچ کر ایڈیٹرانچیف جناب خان لطیف محمد خان سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران کونیروکونپا نے سرپور کاغذ نگر پیپر مل کے احیاء کیلئے کی گئی کوششوں میں روزنامہ منصف کے گرانقدر تعاون پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ سرپور پیپر مل (ایس پی ایم) کے احیاء کیلئے کی گئی کوششیں ثمر آور ثابت ہوئی ہیں۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے پیپر مل کے احیاء کے لئے جے کے پیپرس کے ساتھ معاہدہ کیا گیا جس کی رو سے جے کے پیپرس، پیپرمل کو عصری مشنری سے لیس کرنے اور پیپر مینو فیکچرنگ کیلئے380 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرے گی ۔کونیر و کونپا نے کہا کہ سرپور کاغذ نگر پیپرمل کے احیاء سے تقریباً 4000 افراد کو راست طور پر اور مزید 8000تا10,000 افراد کو بالواسطہ روزگار حاصل ہوگا ۔ علاقہ میں بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا ۔ خوشحالی آئے گی ۔ انہوںنے مزید کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں ریاست ترقی کی طرف گامزن ہے۔ جناب خان لطیف محمد خان نے کہاکہ2014 کے انتخابات کے دوران ٹی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے وعدہ کیا تھا کہ سرپور پیپر مل‘ نظام شوگر فیکٹری اور اعظم جاہی مل کا احیاء کیا جائے گا ۔ انہوںنے سرپور کاغذ نگر پیپرمل کے احیاء کے فیصلہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ نظام شوگر فیکٹری اور اعظم جاہی مل کا بھی احیاء کیا جائے گا ۔ جناب خان لطیف محمد خان نے کہا کہ ان کی دلی خواہش ہے کہ ریاست اور ملک میں امن وامان برقرار رہے ، سیکولرازم پر عمل کیا جائے ہر شہری کی ترقی ہو، خوشحال زندگی بسر کریں۔جناب خان لطیف محمد خان اور کونیرو کونپا نے ملک کے سیاسی حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور دونوں نے بھی موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر کونیر و کونپا نے کہا کہ بحیثیت مجموعی ملک کی آبادی کا بڑا حصہ سیکولر مزاج کا حامل ہے اور ملک میں ہر شہری عزت اور احترام کے ساتھ زندگی بسر کرنے کا خواہشمند ہے ۔ نیز موجودہ حالات زیادہ دن تک جاری نہیں رہیں گے ۔

جواب چھوڑیں