شہر کے40لاکھ افراد کی آنکھوں کی تشخیص، بہتر انتظامات ناگزیر:ٹی سرینواس یادو

ریاستی وزیر افزایش مویشیان ٹی سرینواس یادو نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی ) کے ہر ایک ڈیویژن میں آئی چک اپ کے کم از کم 2کیمپ منعقد کرنے کے انتظامات کریں ۔ آنکھوں کی تشخیص ( کنٹی ویلگو) پروگرام کا ریاست بھر میں15؍ اگست سے آغاز ہوگا ۔ جی ایچ ایم سی کے ہر ایک وارڈ میں آنکھوں کی تشخیص کے لئے کم از کم2کیمپ منعقد کئے جانے چاہئے تاکہ شہر کے عوام کی آنکھوں کی تشخیص کے پروگرام کو کامیابی کے ساتھ منعقد کیا جاسکے ۔ ٹی سرینواس یادو نے چہارشنبہ کو ضلع کلکٹر حیدرآباد یوگیتا رانا، ڈسٹرکٹ ہیلت آفیسر وینکٹ، جی ایچ ایم سی ہیلت آفیسروں کے ساتھ سکریٹریٹ میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ حلقہ صنعت نگر سے ریاستی اسمبلی میں نمائندگی کرنے والے ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے تقریباً40لاکھ افراد، آنکھوں سے مربوط مسائل سے دوچار ہیں۔ اس لئے ان مریضوں کی سہولت کیلئے مزید کیمپس منعقد کرنے کی ضرورت ہے ۔ یہ کیمپ9بجے صبح سے4بجے شام تک کارکرد رہیں گے ۔ انہوںنے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ معمرین اور معذورین میں آنکھوں کی تشخیص کے پروگرام سے متعلق شعور بیدار کریں اور شہریان کو کیمپ کے مقام تک لانے کیلئے بھی مناسب انتظامات کئے جانے چاہئے ۔

جواب چھوڑیں