مظفر پور کیس‘ بہار کی وزیر منجو ورما مستعفی

بہار کی وزیر سماجی بہبود منجو ورما آج مستعفی ہوگئیں۔ مظفر پور کے شارٹ اسٹے ہوم میں لڑکیوں کے جنسی استحصال کیس میں ان کے شوہر کا نام آنے کے بعد سے وہ تنازعہ میں گھری تھیں۔ منجو ورما نے چیف منسٹر نتیش کمار سے پٹنہ میں ان کے سرکاری بنگلہ پر ملاقات کی اور اپنا استعفیٰ انہیں سونپ دیا۔ خبریں آئی تھیں کہ منجو ورما کے شوہر چندرشیکھر ورما نے کیس کے اصل ملزم برجیش ٹھاکر سے جنوری سے 17 مرتبہ بات کی تھی۔ اس پر منجو ورما پر استعفیٰ کا دباؤ بڑھ گیا تھا۔ برجیش ٹھاکر نے آج ہی مظفر پور کی عدالت میں حاضری کے بعد میڈیا سے کہا کہ وہ ریاستی وزیر کے شوہر چندرشیکھر ورما سے کئی مرتبہ بات کرچکا ہے۔ پولیس تحقیقات میں جال ڈِٹیل ریکارڈ(سی ڈی آر) سے توثیق ہوئی کہ دونوں نے جاریہ سال 17 مرتبہ بات چیت کی۔ دوسری جانب محکمہ سماجی بہبود کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر دویش کمار شرما اور دیگر 12 عہدیداروں کو اس الزام میں معطل کردیا گیا کہ انہوں نے ممبئی کے ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف سوشیل سائنسس (ٹی آئی ایس ایس) کی رپورٹ پر کارروائی نہیں کی۔ اسی رپورٹ سے معاملہ سامنے آیا تھا۔

جواب چھوڑیں