ایران سے قدرتی گیس کی خریداری جاری رکھیں گے: ترکی

 ترکی کے وزیر توانائی فاتح دون میز کا کہنا ہے کہ ترکی رسد کے طویل المدت معاہدے کے تحت ایران سے قدرتی گیس کی خریداری جاری رکھے گا۔بدھ کے روز ترکی کے ایک ٹی وی چینل A Haber پر نشر ہونے والے انٹرویو میں دونمیز نے بتایا کہ ایران کے ساتھ مذکورہ معاہدہ 2026ء تک جاری رہے گا اور اس کے تحت مجموعی طور پر 9.5 ارب کیوبک میٹر گیس فراہم کی جائے گی۔اس سے قبل امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ یہ دھمکی دے چکے ہیں کہ پابندیوں کے بعد ایران کے ساتھ لین دین کرنے والی کسی بھی کمپنی یا ملک کے ساتھ امریکہ کے تجارتی معاملات روک دیے جائیں گے۔ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ نومبر میں ایران پر پابندیوں کا دوسرا مرحلہ لاگو کیا جائے گا۔ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کا پہلا مرحلہ منگل کی صبح سے لاگو ہو گیا۔ اس مرحلے میں ایرانی حکومت پر امریکی ڈالر خریدنے پر پابندی، سونے اور قیمتی معدنیات کی تجارت پر پابندی، گریفائٹ کی براہ راست یا بالواسطہ منتقلی پر پابندی، خام مواد یا المونیم ، فولاد اور کوئلے جیسی معدنیات خریدنے پر پابندی، صنعتی آپریشن میں استعمال ہونے والے سافٹ ویئرز کی خریداری پر پابندی اور ایران میں گاڑیوں کی صنعت سے متعلق پابندیاں شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں