نائیڈونے عازمین حج کے پہلے قافلہ کو جھنڈی دکھائی

آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے جمعہ کو یہاں انداویلی میں پرجا ویدیکا پر ریاست اے پی کے عازمین حج کے پہلے قافلہ کی بسوں کو جھنڈی دکھا کر حیدرآباد روانہ کیا ، جہاں سے یہ قافلہ مکہ مکرمہ کیلئے روانہ ہوگا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نائیڈو نے سفر حج پر جی ایس ٹی کے لزوم کی مخالفت کی اور کہا کہ ان کی حکومت، عازمین حج پر جی ایس ٹی کے لزوم کو برخواست کرنے کیلئے مرکز پر دباؤ ڈالے گی ۔ انہوںنے کہا کہ رواں سال ریاست آندھرا پردیش سے2348 عازمین، حج کی سعادت حاصل کریں گے جن میں1247 مرد اور1101 خاتون عازمین شامل ہیں ۔ امراوتی سے آج روانہ ہوچکے پہلے قافلہ میں دو ماہ کا ننھا عازم لقمان (اننت پور) اور 77سالہ معمر عازم سید سلیمہ بی بھی شامل ہیں۔ نائیڈو نے کہا کہ شہر وجئے واڑہ میں80 کروڑ کے مصارف سے ایک ماڈل حج ہاوز تعمیر کیا جائے گا جبکہ کڑپہ میں بھی12 کروڑ روپے کے خرچ سے منی حج ہاوز تعمیر کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے وقف اراضیات و املاک کے تحفظ کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان وقف املاک کی آمدنی کو بڑھانے کے اقدامات کئے جائیں گے اور اس آمدنی سے مسلمانوں کی ترقی وبہبود کے کام کئے جائیں گے ۔ حکومت کے ترقیاتی وفلاحی کاموں کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے چیف منسٹر نائیڈو نے کہا کہ رواں مالیاتی سال کے بجٹ میں اقلیتی بہبود کیلئے1100کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں اور شادی خانوں کی تعمیر اور مساجد کی مرمت و آہک پاشی کیلئے بالترتیب 20،20کروڑ روپے مختص کئے جاچکے ہیں۔ طلاق ثلاثہ بل کا تذکرہ کرتے ہوئے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے د عویٰ کیا کہ وہ پہلے فرد ہیں جنہوںنے مسلمانوں کے خلاف اس بل کی مخالفت کی ہے اور اب مرکزی حکومت نے اس بل میں ترمیم کی ہے ۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ ان کی حکومت نے ریاست کے 1.35 لاکھ اقلیتی طلبہ کیلئے پوسٹ میٹرک اور1.41 لاکھ طلبہ کیلئے پری میٹرک اسکالرشپس کے لئے رقم منظور کئے ہیں علاوہ ازیں ٹی ڈی پی حکومت نے مسلم نوجوانوں میں مہارتوں کو فروغ دینے کیلئے 120 کروڑ روپے منظور کئے ہیں۔ اس موقع پر آندھرا پردیش حج کمیٹی کے صدرنشین احمد حسین، ریاستی وقف بورڈ کے صدرنشین جلیل خان اور حج کمیٹی کے ارکان اور دیگر موجود تھے ۔ادونی کے نمائندہ منصف کے بموجب تلبیہ کی گونج میں ادونی سے عازمین حج کا قافلہ حیدرآباد کیلئے روانہ ہوگیا۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی درگاہ حضرت چندہ حسینی ؒ سے عازمین کا قافلہ سفر حج کیلئے روانہ ہوا۔ اس موقع پر خطیب علی ہاشمی نے خصوصی دعاء کی۔ حج سوسائٹی کے رکن مشتاق احمد نے بتایا کہ اس سال ادونی منڈل سے تقریبا 80عازمین سفر حج کیلئے روانہ ہورہے ہیں۔ 12؍اگست کو شمس آباد کے ہوائی اڈہ سے یہ عازمین روانہ ہوںگے۔انھوں نے امید ظاہر کی کہ حیدرآباد حج ہائوز میں آندھرا پردیش کے عازمین کو معقول سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

جواب چھوڑیں