عازمین ِ حج میں کسی وبائی مرض کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا: سعودی وزارت صحت

سعودی عرب کی وزارت صحت نے اب تک حجاز مقدس میں پہنچنے والے عازمین حج میں سے کسی کے کسی وبائی مرض میں مبتلا نہ ہونے کی تصدیق کی ہے ۔اس کا کہنا ہے کہ عازمینِ حج کی صحت کی صورت حال بہتر اور حوصلہ افزا ہے۔وزارت صحت حج کے دوران میں پیشگی احتیاطی تدابیر پر توجہ مرکوز کررہی ہے اور وہ عالمی ادارہ صحت اور دوسری عالمی تنظیموں کے ساتھ تعاون کے ذریعے عالمی سطح پر صحت کے شعبے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں اور پیش رفتوں پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے۔وزارت نے حج سیزن سے قبل کسی بھی مرض سے بچاؤ کے لیے متعدد پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کی تھیں اور اس ضمن میں تمام ضروری اقدامات کیے تھے ۔اس نے حج سیزن کے آغاز سے قبل عالمی سطح پر وبائی امراض کے متغیرات کے مطابق عازمین کے لیے درکار صحت کے شرائط و ضوابط جاری کیے تھے۔ سعودی سفارت خانوں اور قونصل خانوں کے ذریعے ان تمام ممالک میں رہ نما ہدایات جاری کی تھیں جہاں سے حج اور عمرے کے لیے عازمین سعودی عرب میں آرہے تھے۔صحت کے اس مطلوبہ معیار پر پورا اترنے والے عازمین ہی کو حج اور عمرے کے ویزے جاری کیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ سعودی عرب کے تمام داخلی راستوں اور بندرگاہوں پر واقع مراکزِ صحت میں ان تمام پیشگی اقدامات کو فعال کیا گیا تھا۔

جواب چھوڑیں