انڈونیشیا میں طیارہ حادثہ ‘8 ہلاک‘ بچہ محفوظ

انڈونیشیا میں چھوٹا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ معجزانہ طور پر ایک بچہ محفوظ رہا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارہ کے مطابق انڈونیشیا کے صوبہ پاپوای کے پہاڑی علاقے میں ایک چھوٹا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہو گئے۔ خوش قسمتی سے 12 سالہ بچہ اس ہولناک حادثے میں محفوظ رہا جسے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ طیارے میں 9 افراد سوار تھے جن میں 2 پائلٹس شامل تھے۔سوئس ساختہ کمرشل طیارہ ’پلاٹس پی سی- 6‘ پرواز بھرنے کے 45 منٹ بعد لاپتہ ہو گیا تھا۔ انڈونیشیا کے فوجی ریسکیو اہلکاروں کو جہاز کا ملبہ اوکسیبل ایئرپورٹ کے نزدیک ایک پہاڑی علاقے میں ملا۔ ریسکیو اہلکاروں نے معجزانہ طور پر بچ جانے والے لڑکے کو فوری طبی امداد مہیا کی۔واضح رہے گنجان آباد جزیروں پر مشتمل انڈونیشیا میں بری، بحری اور فضائی سفر کے محفوظ ذرائع نہایت کم ہیں۔ حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں جس کے باعث مختلف سفری حادثات میں سالانہ سیکڑوں افراد لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔

جواب چھوڑیں